محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 24 مارچ کی رات ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جو 25 سے 27 مارچ کے دوران بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کرے گا۔ اس دوران مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری اور برفباری کا امکان ہے۔
25 سے 28 مارچ کے دوران مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، نیلم ویلی، وادی لیپہ، اسکردو، ہنزہ، چلاس اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان بھی ہے۔
خیبر پختونخوا میں 25 سے 27 مارچ کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں برفباری جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ پشاور، مردان، کوہاٹ، ایبٹ آباد، ڈی آئی خان، مانسہرہ، دیر، سوات، چترال اور مالاکنڈ میں شدید موسم کی توقع ہے۔
25 سے 27 مارچ کے دوران پنجاب اور اسلام آباد میں بھی تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، بہاولپور اور ڈی جی خان میں یہ سلسلہ زیادہ مؤثر ہونے کی توقع ہے۔ بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے جبکہ بلوچستان میں 25 اور 26 مارچ کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کوئٹہ، ژوب، بارکھان، خضدار اور لسبیلہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بی ڈی اے ملازمین کا احتجاج رنگ لے آیا، حکومت نے تنخواہوں اور بقایاجات کی ادائیگی کا اعلان کر دیا
دوسری جانب سندھ کے بالائی علاقوں میں 25 اور 26 مارچ کو گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔ سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور گھوٹکی میں آندھی چلنے کی توقع ہے۔
شدید بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور شہری علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے کسانوں کو ژالہ باری اور شدید بارش کے ممکنہ اثرات سے محتاط رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اورموسمی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت بھی دی جاتی ہے۔



