اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والِدہ ماجدہ رضائے الٰہی سے وفات پا گئی ہیں۔اناالله وانا الیه راجعون
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ ماجدہ 24 مارچ 23 رمضان المبارک کورضائے الٰہی سے وفات پا گئی ہیں۔
اللّہ باری تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے، آمین
صدر،وزیراعظم سمیت سیاسی قیادت کا آرمی چیف کی والدہ ماجدہ کی وفات پر اظہار افسوس
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور اعلیٰ حکومتی شخصیات نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ انہوں نے مرحومہ کیلئے بلند درجات اور سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی والِدہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، وزیراعظم نے مرحومہ کے بلندی درجات کیلئے دعا کی ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی والدہ کی وفات کی خبر سن کر انتہائی دکھ ہوا،اللہ تعالی جنرل عاصم منیر اور ان کے خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ دکھ کی اس گھڑی میں جنرل عاصم منیر کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے مرحومہ کے بلند درجات کے لئے دعا کی اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی جنرل سید عاصم منیر اور ان کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اسپیکر نے کہا کہ والدین قدرت کا انمول تحفہ ہیں، ان کا بچھڑنا ایک ناقابل تلافی نقصان اور بڑا صدمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں سید عاصم منیر اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اور اہلخانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اس غمگین موقع پر جنرل سید عاصم منیر اور ان کے خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحومہ کی بلندی درجات کی دعا کی۔
سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے آرمی چیف کی والدہ کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ماں جیسی شفیق اور پیار کرنے والی ذات کی رحلت یقیناً بڑا صدمہ ہے، ماں کا کوئی نعم البدل نہیں، اللہ تعالیٰ جنرل عاصم منیر کی فیملی کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا کہ والدہ کی وفات ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔
اللہ تعالیٰ جنرل عاصم منیر اور ان کے خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے اور مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔
وزیر اعلی مریم نواز شریف نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ محترمہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور سوگوارخاندان سے اظہار ہمدردی و تعزیت کی۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔
کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں جنرل سید عاصم منیر اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں.




