میرپور( کشمیر ڈیجیٹل) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے بڑی خوشخبری آگئی،ہائر ایجوکیشن کمیشن نے وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم میں اوپن یونیورسٹی کے طلبہ کو بھی شامل کر لیا ہے۔
سکیم کے تحت مستحق اور میرٹ پر پورا اترنے والے طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جائیں گے،یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام فاصلاتی نظامِ تعلیم سے وابستہ طلبہ کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
اس سے آن لائن تعلیم کے مواقع مزید بہتر ہوں گے اور طلبہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بہتر انداز میں جاری رکھ سکیں گے۔
یہ خبر بھی پڑھیں ۔اعلیٰ تعلیم کا خواب پورا کرنیکی کوشش،آزادکشمیر کے 78سالہ بزرگ نے یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا
لیپ ٹاپ کی فراہمی سے ای لرننگ، تحقیق اور عملی اسائنمنٹس میں بھی آسانی پیدا ہوگی جو کہ طلبہ کی تعلیمی کارکردگی میں مثبت اثر ڈالے گا۔ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میرپور، فیصل شہزاد نے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی ہمیشہ اپنے طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہی ہے اور اس اسکیم میں شمولیت سے یونیورسٹی کے ہزاروں طلبہ کو فائدہ پہنچے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات وقت کی ضرورت ہیں اور حکومت کا یہ اقدام تعلیم دوست پالیسی کا مظہر ہے۔یونیورسٹی کے طلبہ نے بھی اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ اقدام ان کے تعلیمی سفر کو مزید آسان اور مؤثر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے وزیراعظم پاکستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی طلبہ کی فلاح کے لیے اسی طرح کے اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔