مکہ مکرمہ:مسجد الحرام کی تیسری توسیع کے دوران ایک اہم سنگ میل عبور کیا گیا ہے، جہاں نئے تیار کردہ ایمرجنسی ہیلی پیڈ پر پہلی بار ایئر ایمبولینس نے کامیابی کیساتھ لینڈنگ کی۔
یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے زائرین کو فوری اور مؤثر طبی امداد فراہم کرنے کی غرض سے کیا گیا ہے، خاص طور پر ہنگامی حالات میں جب فوری طبی منتقلی کی ضرورت ہوتی ہے۔
یہ جدید ہیلی پیڈ خصوصی طور پر ایئر ایمبولینس سروس کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی طبی ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو تیزی سے قریبی اسپتالوں تک منتقل کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: مسجد الحرام کے زائرین کے لیے اہم سہولت، اسمارٹ اسکینرز اور لگیج سینٹرز کی خدمات
سعودی وزارت صحت اور دیگر متعلقہ اداروں نے اس آزمائشی عمل کی نگرانی کی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ایئر ایمبولینس سروس عالمی معیار کے مطابق کام کرے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنی خدمات فراہم کر سکے۔
اس اقدام کا مقصد نہ صرف مسجد الحرام میں آنے والے لاکھوں زائرین کی صحت و حفاظت کو یقینی بنانا ہے، بلکہ سعودی عرب کی طبی سہولتوں کو مزید بہتر اور مؤثر بنانا بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پہلے عشرے میں مسجد الحرام میں اڑھائی کروڑ نمازیوں ، زائرین کی آمد
ایئر ایمبولینس سروس کی کامیاب عملداری سے ہنگامی حالات میں فوری طبی مدد فراہم کرنے کی صلاحیت میں بہتری آئے گی، جو کہ عالمی معیار کے مطابق کام کرے گی۔