گلپور اور سہنسہ کےشہریوں کو مردہ گوشت کھلانے کی کوشش ناکام ، ملزمان گرفتار، دکانیں سیل

کوٹلی(کشمیر ڈیجیٹل)ڈسٹرکٹ فوڈ سیفٹی آفیسر کوٹلی منور چوہان نے معاون عملے کے ہمراہ گلپور اور سہنسہ میں کارروائی کرتے ہوئے مردہ گائے کا گوشت برآمد کر لیا  ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مزید تحقیقات کی جاری ہیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ مردہ گوشت کہاں  کن افراد کو فروخت کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شکایت گزار نے اطلاع دی کہ 20 مارچ کو اس کی گائے دریا کے کنارے گر کر مر گئی جسے نامعلوم افراد نے اٹھا کر فروخت کر دیا۔

 یہ خبر بھی پڑھیں ۔باغ میں مہنگے اور ناقص گوشت کی فروخت پر کارروائی،دو دکانیں سیل،ایک قصاب گرفتار

تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان عمران ولد رمضان، فیاض احمد ولد سیف اللہ اور عبدالمجید ولد عبدالغفور اس مکروہ دھندے میں ملوث تھے۔

فوڈ اتھارٹی نے علاقے میں گوشت کی تین دکانوں کو سیل کر دیا اور عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی غیر معیاری یا مشکوک گوشت کی فروخت کی اطلاع فوری طور پر 1280 یا 03000552332 پر دیں۔

ڈسٹرکٹ فوڈ سیفٹی آفیسر نے کہا کہ ناقص اور غیر معیاری اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

سول سوسائٹی نے فوڈ اتھارٹی کی بروقت کارروائی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔

 

Scroll to Top