نیلم کے سیاحتی مقام کیرن میں یوم پاکستان کی مرکزی تقریب ،وزراء کی بھی شرکت

نیلم ( راجہ ساجد ، کشمیر ڈیجیٹل )ملک بھر کی طرح وادی نیلم میں کنٹرول لائن کے مختلف مقامات پر یومِ پاکستان کی تقاریب ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئیں ۔

سیاحتی مقام کیرن میں منعقدہ مرکزی تقریب میں آزادکشمیر کے وزیرقانون میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ ،وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ اور افواج پاکستان کے کمانڈر نے خصوصی شرکت کی۔

وزرا ئےکرام اور افواج پاکستان کے کمانڈر نے شہداء کی یارگار پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں پاک فوج اور نیلم پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے قومی و ریاستی پرچموں کو سلامی دی۔

 یہ بھی پڑھیں ۔یوم پاکستان پر کمانڈر لیپہ گارڈ کی کھلی کچہری، عوام کے مسائل سنے

اس موقع پر کنٹرول لائن کی فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی  مرکزی تقریب میں افواج پاکستان کے چاق وچوبند دستے نے قومی اور ریاستی پرچم کو سلامی دی۔

افواج پاکستان کے چاق وچوبند دستے نے اپنی فنی تربیت کا مظاہر ہ بھی کیا، اس موقع پرسیاحوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

یہاں پر تقریب منعقد کرنے کا مقصد بھارت کویہ پیغام دینا تھا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام متحد و منظم ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب ایسی تقریب مقبوضہ کشمیر میں منعقد کی جائے گی۔

 

Scroll to Top