حویلی : یوم جمہوریہ پاکستان آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں بھی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ ہیڈکوارٹر سمیت تینوں سب ڈویژنز میں تقریبات منعقد کی گئیں جبکہ مرکزی تقریب پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس کہوٹہ میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر حویلی راجہ عمران شاہین، ایس پی حویلی سمیت آرمی افسران نے شرکت کی۔ دن 11 بجے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ بعد ازاں مقررین نے خطاب کیا، جبکہ سول سوسائٹی، وکلاء برادری، انجمن تاجران اور عوام کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔
ڈپٹی کمشنر حویلی راجہ عمران شاہین نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ “آج کا دن تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ ہم ملک پاکستان کے بنیادی نصب العین کو قائم رکھنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں، کیونکہ ایک دفاعی اور اقتصادی طور پر مضبوط و مستحکم پاکستان ہی جموں و کشمیر کی آزادی کا ضامن ہو سکتا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ ہم بھارت کے زیر تسلط کشمیریوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جو نام نہاد جمہوریت کے دعویدار بھارت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں اور ہم اس موقع پر غزہ کے مسلمانوں کو بھی نہیں بھولے۔
سب ڈویژن خورشید آباد میں بھی 23 مارچ یوم پاکستان شایانِ شان طریقے سے منایا گیا۔ اس موقع پر احاطہ دفتر اسسٹنٹ کمشنر خورشید آباد میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں سول سوسائٹی اور معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر خورشید آباد راجہ ایاز احمد نثار نے پرچم کشائی کی اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے، جس سے تقریب کا ماحول مزید پروقار ہو گیا۔
یوم پاکستان کی تقریب کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر راجہ ایاز احمد نثار نے کی، جبکہ دیگر مقررین میں ڈسٹرکٹ کونسلر شوکت حسین ڈار، سابق ڈسٹرکٹ کونسلر خواجہ غلام محمد نائیک، سابق چیئرمین ضلع زکوٰۃ کمیٹی خواجہ قمر الدین میر، سماجی رہنما محمد شفیق مغل، چیئرمین یوسی کالامولا ڈاکٹر اعجاز قریشی، حوالدار شفیع، سابق صدر انجمن تاجران محمد شمس ٹھکر، شفیع شاکر، طالب علم رہنما ادریس قریشی سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔
اس موقع پر راجہ ایاز احمد نثار نے کہا کہ “یہ دن تجدیدِ عہد کا دن ہے کہ ہم اس ملک کے قیام کے مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں کیونکہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی جموں و کشمیر کی آزادی کی ضمانت ہے۔”
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، شہداء تحریک پاکستان اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔