مظفرآباد: ملک بھر کی طرح آزاد کشمیر میں بھی 23 مارچ یومِ قراردادِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے زیرِ اہتمام نیلم اسٹیڈیم مظفرآباد میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں ملک کے مختلف صوبوں سے تعلق رکھنے والے پیراگلائیڈرز نے شرکت کی اور شاندار فضائی مظاہرہ پیش کیا۔
تقریب میں پرچم کشائی، ملی نغمے اور قومی یکجہتی پر مبنی پروگرام بھی شامل تھےجنہیں عوام نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ دیکھا۔ ایونٹ کی کامیابی کے لیے پاک فوج نے خصوصی محنت کی جسے شرکاء نے خوب سراہا۔
تقریب میں شامل واحد فیمیل پیراگلائیڈر نے بھی شاندار فضائی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ “ہمارا کشمیر اور خیبرپختونخوا پیراگلائیڈنگ کے بہترین مقامات ہیں۔ آزاد کشمیر خواتین کے لیے سب سے محفوظ جگہ ہے۔ میں پورے پاکستان میں جاتی ہوں لیکن کشمیر پیراگلائیڈنگ کے لیے سب سے بہترین مقام ہے۔”
یہ بھی دیکھیں: یوم پاکستان: آزاد کشمیر میں پاسبانِ حریت کے زیر اہتمام ریلی، پاکستان سے اظہار یکجہتی
تقریب میں شریک افراد نے پاک فوج کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس نہ صرف طلبہ میں خود اعتمادی بڑھاتے ہیں بلکہ مقامی کمیونٹی کو پاک فوج کے قریب آنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ ایک شہری نے کہا کہ “آج مظفرآباد میں بھی ملک کے دیگر شہروں کی طرح شاندار ایونٹ منعقد ہوا، جس سے عوام کو تفریح اور قومی جوش و خروش میں شرکت کا موقع ملا۔”