باغ: صدر الپاہین ایسوسی ایشن اور چیئرمین عوامی ایکشن فورم آزادکشمیر راجہ نثار احمد شاہق نے سرسبز غنی آباد میں شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا بہترین حل شجرکاری ہے، جس کی ہمارے دین میں بھی تاکید کی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ان کی حفاظت یقینی بنائیں۔
راجہ نثار احمد شاہق نے اعلان کیا کہ الپاہین کلب نانگا پیر نے اس سال کا ہدف مقرر کیا ہے کہ نانگا پیر کے دامن میں تمام یونین کونسلز میں 30,000 درخت لگائے جائیں گے، جس کے لیے کلب کے تمام ممبران کو ٹارگٹ دیا گیا ہے۔ انہوں نے پاکستان بھر کے ہائیکرز اور بائیکرز جو نانگا پیر فیسٹیول میں شرکت کرتے ہیں کا شکریہ ادا کیا، بالخصوص فرینڈز ان ویل کے صدر راجہ عبد الواحد ایڈووکیٹ، سوار ایڈونچر کلب کے صدر محمد علی ینگ، بائیکرز کلب پاکستان کے چیئرمین خالد چیمہ، جہنموں پاکستان، ٹابکو سٹار ایگری راولاکوٹ کے بزنس مین سردار اظہر آزاد اور مختلف کاروباری کمپنیوں کے تعاون سے ایک ملین درخت فراہم کیے گئے ہیں۔
اس وقت یونین کونسل رنگلہ اور کٹکیر میں سوار ایڈونچر کلب کے صدر محمد علی شجرکاری مہم جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ آج یونین کونسل تھب میں محکمہ زراعت ملوٹ سرکل کے انچارج چوہدری زبیر، راجہ عبد الواحد، عبد البصیر ایڈووکیٹ، چیئرمین ڈاکٹر گلزار، راجہ شاہد رفیق، راجہ پرویز، راجہ فیاض دانش، راجہ لیاقت اور دیگر افراد کی موجودگی میں سکولوں کے طلبہ و طالبات اور عوام میں پودے تقسیم کیے گئے جبکہ خود بھی درخت لگائے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: تعلیم کے فروغ کے لیے داخلہ مہم، منڈہول میں آگاہی واک کا انعقاد
راجہ نثار احمد شاہق نے تمام ڈونرز اور معاونین، خصوصاً راجہ عبد الجبار کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پودے حاصل کرنے اور انہیں مقررہ مقامات تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ یونین کونسل چڑھان، ریڑبن، سلمیہ، کٹکیر، رنگلہ اور ملوٹ میں بھی شجرکاری مہم مزید بہتر انداز میں جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نانگا پیر کے دامن میں یونین کونسلز میں نہ صرف شجرکاری کو فروغ دیا جائے گا بلکہ شجر پروری کرنے والے افراد اور اداروں کو عید کے بعد انعامات سے نوازا جائے گا جس کے لیے زراعت آفیسر چوہدری زبیر کی زیر نگرانی ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ اس موقع پر الپاہین کلب کے متحرک ممبران اور کاشتکاروں کے لیے ایک اہم ورکشاپ کے انعقاد کا بھی اعلان کیا گیا۔