آزادکشمیر میں دہشت گردوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، امن ہر صورت برقرار رکھا جائے گا: ڈپٹی کمشنر باغ

باغ : ڈپٹی کمشنر باغ راجہ محمد صداقت خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کا امن ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا اور دہشت گرد تنظیموں کے لیے یہاں کوئی جگہ نہیں۔ باغ کا ہر شہری امن دشمنوں کے خلاف متحد ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ عوام ریاستی اداروں سے مکمل تعاون کریں تاکہ کسی کو امن خراب کرنے کی جرات نہ ہو۔

یہ بات انہوں نے ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی (ڈی آئی سی) کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی جہاں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے اور مشکوک سرگرمیوں پر فوری کارروائی کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اگر دہشت گرد عناصر آزادکشمیر کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کریں گے تو انہیں منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ریاستی اداروں کی صلاحیتوں پر مکمل بھروسہ ہے اور پولیس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی کو بھی علاقے میں بدامنی پھیلانے کی اجازت نہ دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: بیوہ محمد لطیف اعوان کی پریس کانفرنس، بیٹے پر سنگین الزامات

ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ تمام چیک پوسٹوں پر چیکنگ کے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو ہمہ وقت مستعد رکھا جائے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن، چیک پوسٹ یا ضلعی انتظامیہ کو دیں تاکہ تخریب کار عناصر کا بروقت قلع قمع کیا جا سکے۔

Scroll to Top