حویلی کہوٹہ: کہوٹہ ٹاؤن کی رہائشی بیوہ محمد لطیف اعوان اپنے بچوں کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایوب پریس کلب حویلی پہنچ گئی۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے اپنے بیٹے عمران ولد محمد لطیف اعوان پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ زمین کے لالچ میں اندھا ہو چکا ہے اور نہ صرف انہیں بلکہ ان کے دیگر بچوں کو بھی ہراساں کر رہا ہے۔
بیوہ محمد لطیف نے کہا کہ ان کے شوہر کے انتقال کے بعد زمین تو منتقل ہو گئی لیکن تاحال تقسیم نہیں ہوئی۔ ان کا بیٹا اپنی مرضی سے زمین فروخت کر رہا ہے اور عدالت کے سٹے آرڈر کی خلاف ورزی بھی کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران اپنے سسر کے ساتھ مل کر ان کی اور ان کی بیٹیوں کی زمین ہتھیانے کی کوشش کر رہا ہے اور آئے روز انہیں اور ان کے بچوں کو زدوکوب کرتا ہے، گالم گلوچ کرتا ہے اور سنگ باری تک پر اتر آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: باغ کے نوجوان باکسر راجہ خلیق امتیاز کی شاندار کامیابی، انٹرنیشنل مقابلوں کے لیے کوالیفائی!
انہوں نے آئی جی آزادکشمیر، ڈی آئی جی، ڈپٹی کمشنر حویلی اور ایس پی حویلی سے اپیل کی ہےکہ انہیں اور ان کے بچوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں یا ان کے بچوں کو کچھ ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری ان کے بیٹے عمران پر عائد ہو گی۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ عمران نے عدالت میں جھوٹے دعوے دائر کر رکھے ہیں تاکہ وہ انہیں قانونی مسائل میں الجھا کر ان کی معیشت تباہ کر سکے۔
بیوہ محمد لطیف اعوان نے حکام سے فوری نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔