یوٹیوب نے مشترکہ ٹی وی استعمال کرنے والے صارفین کی سہولت اور پرائیویسی کو یقینی بنانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کے ذریعے صارف اپنے یوٹیوب پروفائل کو چار ہندسوں کے خفیہ کوڈ سے باآانی محفوظ بنا سکتے ہیں۔
یوٹیوب کی جانب سے متعارف کرایا جانے والا یہ اکاؤنٹ لاک فیچر اب عالمی سطح پر پیش کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد گھر کے دیگر افراد کو کسی دوسرے صارف کی پروفائل تک رسائی سے روکنا ہے۔ اس فیچر کے فعال ہونے سے گھر کے دوسرے افراد نہ تو متعلقہ صارف کی سبسکرپشنز دیکھ سکیں گے اور نہ ہی ویڈیوز کی تجاویز یا سفارشات کو تبدیل کر سکیں گے۔
پروفائل لاک کرنے کا طریقہ کار:
اس نئے فیچر کو فعال کرنے کے لیے صارفین کو ٹی وی پر موجود یوٹیوب ایپ کی بائیں جانب دی گئی نیویگیشن بار میں جانا ہوگا جہاں سیٹنگز کے ذریعے اس لاک کو باآسانی سیٹ کیا جا سکتا ہے۔ تاہم یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ لاک ہر ڈیوائس کے لیے بالکل الگ کام کرتا ہے، یعنی اگر گھر میں دو مختلف ٹی وی یا دیگر ڈیوائسز پر یوٹیوب استعمال کی جارہی ہو تو ہر ایک پر الگ الگ لاک سیٹ کرنا لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب کے بعد کمائی کا نیا میدان؟بلی بلی نے نیا راستہ کھول دیا
موبائل کے ذریعے ان لاک کرنے کی سہولت:
اس جدید فیچر کی ایک اور خاص اور کارآمد بات یہ ہے کہ صارف کو ہر مرتبہ ٹی وی کے ریموٹ سے چار ہندسوں کا کوڈ درج کرنے کی کوئی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ لاک شدہ پروفائل منتخب کرنے کے بعد صارف اپنے سمارٹ فون پر موجود یوٹیوب ایپ کے ذریعے بھی اسے ایک کلک سے ان لاک کر سکتا ہے، بشرطیکہ موبائل فون پر نوٹیفکیشن کا فیچر فعال ہو۔
پاس ورڈ بھولنے کی صورت میں متبادل انتظام:
اگر کوئی صارف اپنا مقرر کردہ چار ہندسوں کا کوڈ بھول جائے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ ٹی وی سکرین پر ’فارگیٹ پاسورڈ‘ کا آپشن بھی موجود ہوتا ہے۔ اس آپشن کے ذریعے صارف اپنے گوگل اکاؤنٹ کی مصدقہ معلومات استعمال کر کے نہ صرف اپنی پروفائل کو دوبارہ فوراً ان لاک کر سکتا ہے بلکہ نیا کوڈ بھی سیٹ کر سکتا ہے۔ یوٹیوب نے یہ واضح بھی کیا ہے کہ اس چار ہندسوں کے کوڈ کو کسی مستند اور حقیقی پاس ورڈ کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے کیونکہ اس فیچر کا بنیادی مقصد صرف اور صرف مشترکہ ڈیوائس پر صارف کی پروفائل کی پرائیویسی کو برقرار رکھنا ہے۔




