آزادکشمیر کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے “ایک دن پاک فوج کے ساتھ” پروگرام کے تحت پاک فوج کی مختلف سرگرمیوں کے مشاہدے کے لیے لائن آف کنٹرول کا خصوصی دورہ کیا۔
اس دورے کے دوران طلبہ نے لائن آف کنٹرول پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کے زیرِ استعمال مختلف جدید ہتھیاروں اور دفاعی سازوسامان کا قریب سے جائزہ لیا۔ بچوں نے فوجی جوانوں کے روزمرہ کے پیشہ ورانہ معمولات اور سرحدی دفاعی ذمہ داریوں کے بارے میں تفصیل سے معلومات حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں: یوم دفاع پاکستان،ایل او سی کیرن کی یادگارِ شہداء پر پاک فوج کی سلامی
آگاہی سیشنز اور طلبہ کا ردعمل
اس موقع پر طلبہ کے لیے معرکۂ حق میں کامیابی، پاک فوج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، ملکی دفاع اور دیگر اہم امور سے متعلق خصوصی آگاہی و تعارفی سیشنز کا اہتمام بھی کیا گیا، جن میں زیرِ تعلیم بچوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
طلبہ نے پاک فوج کے استعمال میں رہنے والے ہتھیاروں اور دفاعی آلات کو اتنے قریب سے دیکھنے پر بے حد خوشی کا اظہار کیا اور اس پورے پروگرام کو اپنے لیے ایک منفرد، انتہائی معلوماتی اور یادگار تجربہ قرار دیا۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ “ایک دن پاک فوج کے ساتھ” اقدام کے ذریعے انہیں فوج کی عملی زندگی، پیشہ ورانہ چیلنجز اور ملکی دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا ہے، جس پر انہوں نے پاک فوج کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔




