سدھنوتی(سخاوت سدوزئی،کشمیر ڈیجیٹل) سدھنوتی پولیس کی بڑی کارروائی، پاکستان کو آزاد جموں کشمیر سدھنوتی سے ملانے والے انٹری پوائنٹ آزاد پتن سے فتنہ الخوارج کا دہشتگرد گرفتار کر لیا گیا۔
سپرٹینڈنٹ پولیس سدھنوتی راجہ ندیم عارف نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ پولیس نے آزاد پتن سے ثاقب غنی کو گرفتار کر لیا جس کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، بارودی مواد، ادویات اور دہشتگردی سے متعلق لٹریچر برآمد ہوا ہے۔
ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ افغانستان میں موجود فتنہ الخوارج کے سرگرم دہشتگرد ڈاکٹر عبد الرؤف کے لیے کام کر رہا تھا۔ ملزم نے مزید بتایا کہ اس نے اسلام آباد سے پانچ افراد کو آزاد کشمیر پہنچایا جو بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد لے کر آئے تھے۔
ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ شجاع آباد میں چیک پوسٹ پر پولیس کانسٹیبل کے قتل اور سنگجانی میں موٹر وے پولیس پر حملے میں ملوث رہا ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں بھی دہشتگردی کی بڑی کارروائیوں کا منصوبہ بنا رہا تھا۔
ڈپٹی کمشنر سدھنوتی سردار عمر فاروق کا کہنا ہے کہ والدین اپنے بچوں پر نظر رکھیں کیونکہ دہشتگرد نوجوان نسل کو ورغلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور دیگر ممکنہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ہیتھرو ایئرپورٹ کی بندش: ہزاروں مسافر پھنس گئے، 1300سے زائد پروازیں منسوخ