ہیتھرو ایئرپورٹ کی بندش: ہزاروں مسافر پھنس گئے، 1300سے زائد پروازیں منسوخ

لندن: یورپ کے سب سے مصروف ترین لندن ہیتھرو ایئرپورٹ میں جمعہ کے روز مکمل آپریشن معطل ہوگیاجس کے باعث ہزاروں مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ کی بندش کی وجہ ویسٹ لندن کے علاقے ہیز میں ایک الیکٹریکل سب اسٹیشن میں آگ لگنے کو قرار دیا جا رہا ہےجس سے نہ صرف ایئرپورٹ کی بجلی معطل ہوئی بلکہ پورا ائر پورٹ اندھیرے میں ڈوب گیا اور قریبی علاقوں میں بھی 4 ہزار9سو گھر تاریکی میں ڈوب گئے۔

ہیتھرو ایئرپورٹ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز تک پروازوں میں “نمایاں خلل” رہے گا اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی صورت ایئرپورٹ کا رخ نہ کریں۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ Flightradar24 کے مطابق آج 1 ہزار3سو51سے زائد پروازیں منسوخ ہو سکتی ہیں جس سے اندرون و بیرونِ ملک لاکھوں مسافر متاثر ہوں گے۔

ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے منتظر طیاروں کو دیگر ایئرپورٹس پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ کچھ پروازوں کو گَیٹ وِک، مانچسٹر، شینن، ڈبلن اور پیرس چارلس ڈی گال ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ لندن فائر بریگیڈ کے مطابق ہیز کے سب اسٹیشن میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے 10 فائر انجن اور 70 سے زائد فائر فائٹرز تعینات کیے گئے جنہوں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ تاہم علاقے میں بجلی کی فراہمی بحال ہونے میں وقت لگ سکتا ہے۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر 150 سے زائد مقامی افراد کو قریبی مقامات پر منتقل کیا گیاہے۔

ہیتھرو کی بندش کے بعد نہ صرف فضائی سفر متاثر ہوا بلکہ ہیتھرو ایکسپریس اور الزبتھ لائن سمیت کئی ٹرین سروسز میں بھی تعطل پیدا ہو گیا ہے جس سے لندن کے اندر سفر کرنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ اور فضائی کمپنیوں نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ایئرلائنز سے فوری رابطہ کریں تاکہ متبادل پروازوں یا ٹکٹ ری شیڈولنگ کے حوالے سے معلومات حاصل کر سکیں۔ حکام کے مطابق ہیتھرو ایئرپورٹ کی مکمل بحالی میں کئی دن لگ سکتے ہیں ۔

Scroll to Top