مظفرآباد: آزاد کشمیر ہائی کورٹ میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے انتخاب کو چیلنج کرنے والے کیس کی سماعت 7 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کرنا تھی جو آج نہ ہو سکی جبکہ جسٹس میاں عارف نے آئندہ تاریخ کا آرڈر دیا۔ درخواست گزار سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان آج عدالت میں پیش نہیں ہوئے تاہم ان کے وکیل راجہ ایاز فرید ایڈووکیٹ سپریم کورٹ عدالت میں موجود رہے دوسری جانب وزیراعظم انوارالحق کی طرف سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پیش ہوئے۔ بینچ کے سربراہ سینئر جسٹس میاں عارف 31 مارچ کو ریٹائر ہو رہے ہیں جس کے باعث مقررہ بینچ تحلیل ہو گیا ہے اور اب نئے بینچ کی تشکیل کے بعد مقدمے کی سماعت ہوگی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم کا انتخاب آئین کے آرٹیکل 17(2) کی خلاف ورزی کے تحت عمل میں لایا گیا اور اسے کالعدم قرار دیا جائے تاکہ قانون کے مطابق نیا انتخاب ممکن ہو سکے۔ درخواست میں مزید کہا گیا کہ چوہدری انوارالحق کو وزارت عظمیٰ کے انتخاب میں حصہ لینے سے قبل اسپیکر کے عہدے سے مستعفی ہونا چاہیے تھا۔ عدالت نے آئندہ سماعت 7 اپریل کو مقرر کر دی ہے۔