100روزہ اصلاحاتی پروگرام، راجہ فاروق حیدر، وزرائے کرام، طارق فاروق کی شرکت،بریفنگ

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں وکشمیر کی حکومت کی جانب سے عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنےکے حوالےسے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ریاست میں ترقیاتی عمل کو نئی رفتار دینےکیلئے 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام کے سلسلے میں وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں قائمقام صدر طارق فاروق نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان وزراء کرام ، ممبران اسمبلی، سیکرٹریز حکومت بھی اجلاس میں شریک تھے۔

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام کے ذریعے آزادکشمیر میں ترقی، سہولیات اور عوامی خدمت کے نئے دور کا آغاز کیا جائے گا۔

اجلاس میں حکومت کے 100 روزہ اصلاحاتی و ٹرانسفارمیشن پروگرام کے خدوخال، ترجیحات اور عملی اقدامات سمیت دیگر امور زیر غور آئے۔

اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عامر لطیف نے 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اصلاحاتی پروگرام میں صحت، تعلیم، نوجوانوں کے لیے مواقع، عوامی سہولیات، انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کابینہ:8وزراء کو محکموں کے قلمدان تفویض، نوٹیفکیشن جاری

وزیراعظم افتخار گیلانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کی حکومت قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کے وژن کے مطابق عوامی خدمت اور گڈ گورننس کے ایجنڈے کو آگے بڑھائے گی اور عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اس کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وفاق اور پنجاب کے تعاون سے شروع ہونے والے مسلم لیگ ن کی حکومت کے 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام کے تحت موبائل ہسپتال،، گرین بسیں اور دیگر عوامی فلاحی و ترقیاتی منصوبے زمین پر دکھائی دیں گے۔

100 روزہ اصلاحاتی پروگرام کا جلد آغاز کیا جائیگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا مشن عام آدمی کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر سہولیات کی فراہمی، نظام میں بہتری اور ترقیاتی عمل کو تیز تر بنانا ہے۔

100 روزہ اصلاحاتی پروگرام مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کی حکومت کے ایک نئے دور کا آغاز ہے، جس کے ذریعے عوام کو انکی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی، عام آدمی کے مسائل کے حل اور حکومتی اداروں کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے گی۔

وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ آزادکشمیر میں پنجاب کی طرز پر تیز رفتاری، مؤثر حکمت عملی اور نتیجہ خیز انداز میں ترقیاتی کام آگے بڑھائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ ایسے منصوبوں پر مرکوز ہوگی جن کے براہِ راست اور فوری ثمرات عام شہری تک پہنچ سکیں۔

اجلاس میں وزراء حکومت کرنل (ر) وقار احمد نور، سردار میر اکبر خان، چوہدری اظہر صادق، ثاقب مجید راجہ، عمیر نعیم، راجہ ریاست اور عبدالرحمان نے خصوصی شرکت کی ۔

اراکین اسمبلی نورین عارف، سید شوکت علی شاہ، چوہدری محمد رزاق، ساجد اقبال، مریم زمان، مریم ادریس اور احسن رضا، پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید سمیت سیکرٹریز حکومت، سابق وزراء سردار نجیب نقی، عامر الطاف، چوہدری محمد رشید اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔