اسکول ریاستوں کے حوالے!صدر ٹرمپ نے محکمہ تعلیم بند کرنے کا حکم دے دیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ تعلیم کو بند کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے جس کے تحت تعلیمی نظام کی ذمہ داری ریاستوں کو سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے وزیر تعلیم کو ہدایت دی ہے کہ محکمے کی بندش کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے۔ وائٹ ہاؤس میں دستخط کی تقریب کے دوران انہوں نے کہا کہ تعلیمی معیار تشویشناک حد تک گر چکا ہے اور طلبا کو بنیادی ریاضی تک نہیں آتی ایسے میں محکمہ تعلیم کی موجودگی بے سود ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وفاقی محکمہ تعلیم کی بڑی بڑی عمارتیں تو ہیں لیکن تعلیمی نظام زبوں حالی کا شکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تعلیمی معاملات ریاستی حکومتیں خود سنبھالیں گی جس پر ریاستی گورنرز نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیہں:باغ کی بیٹی کا بڑا کارنامہ!جرمنی میں سائنسی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی

تقریب میں رپبلکن قانون سازوں اور اسکول کے بچوں کے ایک گروپ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر صدر ٹرمپ نے یہ بھی اعلان کیا کہ امریکا جلد یوکرین کے ساتھ معدنیات کے معاہدے کو حتمی شکل دے گا جبکہ امریکی معدنیات کی پیداوار بڑھانے کے لیے ایک اور ایگزیکٹو آرڈر پر بھی دستخط کر دیے گئے ہیں۔

ڈیموکریٹک رہنماؤں نے اس فیصلے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سینیٹر چک شومر نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی بندش سے اساتذہ، طلبا اور والدین شدید متاثر ہوں گے۔ انہوں نے عدالتوں پر زور دیا کہ وہ اس فیصلے کے خلاف قانون کی بالادستی قائم رکھیں۔

واضح رہے کہ محکمہ تعلیم کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے صدر کو کانگریس کی منظوری درکار ہوگی۔

Scroll to Top