پاکستان کا تاریخی معاشی معرکہ: ملکی تاریخ کا سب سے بڑا بین الاقوامی یورو بانڈ جاری

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد: پاکستان نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا بین الاقوامی بانڈ جاری کر دیا ہے، جسے عالمی معاشی میدان میں پاکستان کی تاریخ ساز کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے دو ٹرینچز میں 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ جاری کر دیئے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان کو 6 ارب ڈالر کے یورو بانڈ جاری کرنے کی پیشکشیں موصول ہوئی ہیں، جبکہ ملک کو پہلی بار 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ یکمشت جاری کرنے کا موقع ملا ہے۔

مالی تفصیلات اور سود کی شرح:

وزارت خزانہ نے بتایا کہ یورو بانڈ کا کامیاب اجرا پاکستان پر عالمی اعتماد کا عکاس ہے اور پاکستان کے قرض واپس کرنے کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہونے کی وجہ سے یہ کامیاب اجرا ممکن ہوا ہے۔ پاکستان نے ساڑھے پانچ سالہ یورو بانڈ سے 1.75 ارب ڈالر حاصل کیے ہیں، جس پر سود کی شرح 7.50 فیصد ہو گی۔

اس کے علاوہ 10 سالہ یورو بانڈ سے پاکستان نے 1.25 ارب ڈالر حاصل کیے، جس پر 7.90 فیصد سود ادا کرنا پڑے گا۔ ان بانڈز میں عالمی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچپسی اور طلب جاری رقم سے تقریباً دوگنا رہی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور کرغزستان کےدرمیان تاریخی راہداری تجارت، دفاع اور توانائی کے اہم معاہدوں پر دستخط

گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام اور قرضوں کی حکمت عملی:

پہلے پانڈا بانڈ کی کامیابی سے اجرا کے بعد پاکستان نے نئے گلوبل میڈیم ٹرم نوٹ پروگرام کے تحت پہلی بار بانڈ جاری کیا ہے، جو عالمی کیپیٹل مارکیٹس سے مختلف ذرائع کے ذریعے مالی معاونت حاصل کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد صرف مزید قرض حاصل کرنا نہیں بلکہ پاکستان کی وسیع تر حکمت عملی کے تحت قرضوں کے مؤثر اور فعال انتظام کو یقینی بنانا ہے۔

اس حکمت عملی میں مالی معاونت کے ذرائع کو متنوع بنانا، قرض کی مدت بڑھانا، ری فنانسنگ اور قرضوں کی تجدید سے وابستہ خطرات کم کرنا اور معاشی طور پر فائدہ مند ہونے کی صورت میں قلیل مدتی و مہنگے قرضوں کی جگہ طویل مدتی اور مسابقتی شرح پر حاصل کی گئی فنانسنگ لانا شامل ہے۔ پاکستان پہلے ہی ملکی قرضوں کی بڑے پیمانے پر قبل از وقت ادائیگی کر چکا ہے اور بیرونی فنانسنگ تک بھی اسی نظم و ضبط کو وسعت دینا اسی مقصد کا حصہ ہے۔

یورو بانڈز کا بنیادی ساخت اور اثرات:

یورو بانڈ بنیادی طور پر ایسا بانڈ ہوتا ہے جسے کوئی حکومت یا ادارہ اپنی مقامی کرنسی کے بجائے کسی غیر ملکی کرنسی میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے جاری کرتا ہے۔ پاکستان کے معاملے میں یہ بانڈ امریکی ڈالر میں جاری کیا جاتا ہے۔ حکومتیں یورو بانڈز کے ذریعے عالمی سرمایہ منڈیوں سے براہ راست مالی وسائل حاصل کر سکتی ہیں، جس سے انہیں مقامی ذرائع کے علاوہ بیرونی سرمایہ کاری تک رسائی ملتی ہے۔

گزشتہ روز مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے بتایا تھا کہ پاکستان کی جانب سے 5 سالہ اور 10 سالہ مدت کے دو مختلف ڈالر بانڈز پر مشتمل ڈوئل ٹرانچ یورو بانڈ پیش کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے عالمی سرمایہ کاروں سے فنڈز حاصل کیے جائیں گے۔ خرم شہزاد کا کہنا تھا کہ یورو بانڈ کا اجرا پاکستان کی عالمی سرمایہ مارکیٹ تک دوبارہ رسائی کی جانب اہم قدم ہے اور بانڈ کے اجرا کا فیصلہ عالمی مارکیٹ کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

مشیر خزانہ نے مزید کہا تھا کہ معاشی استحکام اور مضبوط میکرو اکنامک اشاریوں کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ یورو بانڈ کا اجرا عالمی مالیاتی نظام میں پاکستان کی دوبارہ مؤثر شمولیت کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026