ایکشن کمیٹی دھرنا ختم ،نئی حکومت کو وقت دے،جلد ترقیاتی ایجنڈا دیں گے،افتخار گیلانی

Pakistan SCO Summit 2026

اسلام آباد:وزیراعظم آزادکشمیر بیرسٹرسید افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ کالعدم جموں وکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی دھرنا ختم کرے اور نئی حکومت کو وقت دے ، اس کے بعد ایشوز پر بات چیت کی جاسکتی ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سید افتخار گیلانی نے کہا کہ موجودہ حالات سابق حکمرانوں کی کارکردگی کا نتیجہ ہے، گزشتہ5 سالوں میں بار بار حکومتیں تبدیل کی گئیں جس کی وجہ سے عوام میں احساس محرومی پیدا ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم افتخار گیلانی کی لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت سے ملاقات

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر میں اختلاف رائے ضرورہے لیکن اختلافات نہیں ہیں،سینئر قیادت میرے لئے قابل احترام ہے، ہم سب اکٹھے ہیں،ہم اکٹھے چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے وزیراعظم آزاد کشمیر بنانے کا فیصلہ مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد نواز شریف کا تھا، جبکہ میں عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرونگا۔

سید افتخار گیلانی نے کہا کہ کابینہ کی تشکیل سے متعلق ابھی ڈسکشن ہو رہی ہے،مہاجرین ممبران کی شمولیت سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا ،آئندہ چند دنوں میں ترقیاتی ایجنڈا عوام کے سامنے رکھیں گے۔

اُنہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزاد کشمیر میں بہتری لائے گی اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے، وزیراعظم کے انتخاب کے لیے 32 ووٹ تھے، جن میں سے 31 ووٹ مجھے ملے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں حکومت مل کر چلیں گے اور عوام کے دل جیتیں گے ، عوام کی مشکلات کم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

افتخار گیلانی نے کہا کہ قائد نواز شریف کے ساتھ ملاقات آزاد کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے ہوئی، نواز شریف آزاد کشمیر کے تمام مسائل اور ایشوز سے مکمل طور پر آگاہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: افتخار گیلانی کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ نوازشریف نے کیا،رانا ثناء اللہ

وزیراعظم آزاد کشمیرنے کہا کہ سابق حکومت نے عوام کی مشکلات اور مسائل پر توجہ نہیں دی، تاہم موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرے گی، اپوزیشن کا کام اپوزیشن کرنا ہے، گزشتہ حکومت میں موثر اپوزیشن موجود نہیں تھی، تاہم اپوزیشن کی اصلاحی تنقید پر عمل کیا جائے گا۔

افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہوگی کہ سکلڈ ڈویلپمنٹ کو آگے بڑھایا جائے اور نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

اُنہوں نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کے صدر کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، حکومت مسئلہ کشمیر کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں گورننس اور ترقی کے شعبوں میں بھی نمایاں بہتری لانے کے لیے کام کرے گی۔

Pakistan SCO Summit 2026