اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر کل کرغزستان روانہ ہوں گے، جہاں وہ دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف 31 اگست اور یکم ستمبر کو ہونے والے ایس سی او سربراہانِ مملکت کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ سطحی وفود شرکت کریں گے، جبکہ علاقائی تعاون، معیشت، تجارت اور سکیورٹی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم سید افتخار گیلانی کی جاتی عمرہ آمد: نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف سے اعلیٰ سطحی ملاقات
دورۂ کرغزستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی مختلف عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم روس، چین اور ایران کے صدور سمیت دیگر ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔
ایس سی او سربراہی اجلاس کے اختتام پر پاکستان پہلی مرتبہ ایک سال کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالے گا۔ پاکستان کی جانب سے تنظیم کی صدارت سنبھالنا علاقائی تعاون اور اہم عالمی امور پر ملک کے مؤثر کردار کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف 2 ستمبر سے کرغزستان کا دوطرفہ سرکاری دورہ شروع کریں گے۔ اس مرحلے میں ان کی کرغزستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی، جن میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کا100 زرعی گریجویٹس کو اٹلی بھیجنے کا اعلان
وزیراعظم کے دورے کو پاکستان اور کرغزستان کے باہمی تعلقات کے فروغ اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔




