مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام آنے والے زائرین کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کر دیا گیا۔
حرمین شریفین انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام میں زائرین کے سامان کی حفاظت کے لیے 24 گھنٹے فعال لگیج سینٹرز فراہم کیے جا رہے ہیں جبکہ داخلی دروازوں پر جدید اسمارٹ اسکینرز بھی نصب کر دیے گئے ہیں تاکہ آمد و رفت کو مؤثر طریقے سے منظم کیا جا سکے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق حرمین انتظامیہ نے مسجد الحرام آنے والے زائرین سے کہا ہے کہ وہ اپنے قیمتی سامان کو ان مراکز میں محفوظ کریں تاکہ عبادات میں یکسوئی برقرار رہے اور مسجد الحرام کے اندر نقل و حرکت میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام کے بیرونی صحن میں کئی مقامات پر سامان رکھنے کے مراکز موجود ہیں جن میں سب سے بڑا مرکز باب 64 کے قریب اور وضو خانے نمبر 6 کے پیچھے واقع ہے۔ اس کے علاوہ مکہ مکرمہ لائبریری کے قریب مشرقی صحن کے پاس بھی ایک بڑا مرکز قائم کیا گیا ہے۔
حرمین شریفین امور کے نگران ادارے نے مسجد الحرام میں داخل ہونے والے زائرین کی تعداد کو درست طریقے سے ریکارڈ کرنے کے لیے داخلی دروازوں پر اسمارٹ اسکینرز نصب کر دیے ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ اسکینرز داخلی دروازوں کے اوپر اور دہلیز کے نیچے لگائے گئے ہیں جو زائرین کی نقل و حرکت کو خودکار نظام کے تحت ریکارڈ کر لیتے ہیں۔ یہ اسکینرز نہ صرف زائرین کی درست تعداد معلوم کرنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ رش کے مقامات کا بھی فوری تعین کرتے ہیں۔ جیسے ہی کسی مخصوص دروازے پر ہجوم بڑھتا ہے متعلقہ اہلکاروں کو فوری طور پر مطلع کر دیا جاتا ہےجس کے بعد زائرین کو متبادل دروازوں کی طرف رہنمائی کی جاتی ہے تاکہ ہجوم کو کنٹرول کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت حرمین شریفین میں آنے والے زائرین کے لیے سہولتوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے تاکہ عبادات کا ماحول پر سکون اور منظم بنایا جا سکے۔