پاکستان کے معروف اداکار نعمان اعجاز نے انکشاف کیا ہےکہ انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی،بیماری کے دوران سورۃ الرحمٰن نے صحت یابی کے سفر میں بہت مدد کی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں نعمان اعجاز نے بیماری کے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جس روز انہیں کینسر کا علم ہوا، انہوں نے نماز کے دوران آسمان کی طرف دیکھ کر اللہ سے دعا کی۔
نعمان اعجاز نے بتایا کہ جون 2024 میں کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہوگئے تھے، تاہم علاج کے دوران کان کے قریب موجود ٹیومر آپریشن کے ذریعے نکال دیا گیا جبکہ بعد کے اسکینز میں معدے میں موجود لیمفوما بھی نظر نہیں آیا۔

اداکار کے مطابق انہوں نے اللہ سے کہا کہ انہوں نے کبھی جان بوجھ کر کسی کے ساتھ برا نہیں کیا اور نہ ہی کسی کا حق مارا، اگر دنیا میں ان کی ضرورت نہیں تو اللہ انہیں اپنے پاس بلا لے۔
نعمان اعجاز نے کہا کہ اللہ نے ہر انسان کو کسی نہ کسی مقصد کے لیے دنیا میں بھیجا ہے، تاہم وہ اپنی فیملی کو تکلیف میں نہیں دیکھنا چاہتے تھے۔
نعمان اعجازکا کہنا تھا کہ میں نے اللہ سے دعا کی کہ میں اسپتالوں کے چکر نہیں لگانا چاہتا، کیموتھیراپی جیسے تکلیف دے عمل سے نہیں گزرنا چاہتا،اس لیےمیں روز رات کو بہت کچھ پڑھ کر اس امید سے سوتا تھا کہ صبح نہیں اٹھوں گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بیرسٹر افتخار گیلانی کی بطور وزیراعظم نامزدگی ،عوام میں خوشی کی لہر
نعمان اعجاز کے مطابق ان کے کان کے قریب ایک ٹیومر موجود تھا جبکہ معدے میں لیمفوما کی بھی تشخیص ہوئی۔ بیماری کا علم ہونے کے بعد انہوں نے اللہ تعالیٰ سے رحم کی دعا کی اور علاج کے مراحل سے گزرنا شروع کیا۔
اداکار نے بتایا کہ بیماری کے دوران اسپتال کے چکر، کیموتھراپی اور علاج کی مشکلات سے زیادہ انہیں اس بات کی فکر تھی کہ ان کی بیماری کے باعث ان کے اہلِ خانہ کو تکلیف سے گزرنا پڑے گا۔
نعمان اعجاز کے مطابق اس عرصے میں انہیں یہ خوف بھی رہتا تھا کہ شاید وہ اگلی صبح نہ اٹھ سکیں۔ اسی وجہ سے وہ رات کو سونے سے قبل مختلف آیات اور دعاؤں کی تلاوت کیا کرتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے دوست گوہر بٹ نے انہیں سورۃ الرحمٰن پڑھنے کا مشورہ دیا، جس کے بعد انہوں نے روزانہ سورۃ الرحمٰن کی تلاوت شروع کردی۔سورۃ الرحمٰن نے ان کی صحتیابی کے سفر میں بہت اہم کردار ادا کیا۔ وہ اس دوران روزانہ اس کی تلاوت کرتے رہے۔
اداکار کے مطابق کان کے قریب موجود ٹیومر کو آپریشن کے ذریعے نکال دیا گیا، جبکہ معدے میں موجود لیمفوما بعد میں کیے جانے والے اسکینز میں نظر نہیں آیا۔
نعمان اعجاز نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے جولائی میں ان کی کیموتھراپی شروع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم بعد میں آنے والے اسکین کے نتائج ان کے لیے حیران کن تھے۔انہوں نے اپنی صحتیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
واضح رہے نعمان اعجاز پاکستان کے سینئر اور معروف اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ طویل عرصے سے ٹیلی ویژن ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں اور مختلف کرداروں کے ذریعے ناظرین میں اپنی منفرد پہچان بنا چکے ہیں۔




