آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا مرحلہ تقریباً اختتام پذیر ہو گیا ہے، جس کے بعد 46 رکنی ایوان میں 17 نئے اراکین پہلی بار منتخب ہو کر پہنچے ہیں۔
ان نئے اراکین میں سے چند ایسے چہرے بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے انتخابی حلقوں میں طویل عرصے سے قائم روایتی سیاسی راج کو ختم کر کے سینئر سیاست دانوں کو شکست دی ہے۔
اگرچہ ایوان میں پہلے سے موجود کئی تجربہ کار سیاست دان اپنی نشستیں بچانے میں کامیاب رہے ہیں، تاہم 17 نئے اراکین کی شمولیت سے اسمبلی میں پرانے اور نئے چہروں کا ایک دلچسپ امتزاج سامنے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ غلام قادر کا نام آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے طور پر سامنے آگیا
پہلی بار کامیابی حاصل کر کے ایوان کا حصہ بننے والے اراکین میں سردار مختار عباسی، ثاقب مجید راجہ، محمد رزاق چوہدری، عمیر نعیم، راجہ آصف اور راجہ ریاست شامل ہیں۔
ان اراکین کے علاوہ ایاز احمد، محمد احسن رضا، مریم جاوید، ذیشان علی، عامر شاہ اور یاسین لون بھی پہلی بار اپنے انتخابی حلقوں سے کامیابی حاصل کر کے قانون ساز اسمبلی میں پہنچے ہیں۔انتخابات کا سب سے بڑا اپ سیٹ حلقہ ایل اے 14 غربی باغ میں دیکھنے میں آیا، جہاں عوامی دست و بازو پارٹی کے امیدوار سردار ساجد اقبال عباسی نے بڑا دھماکہ کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی صدر سردار عتیق احمد خان کو ان کی آبائی نشست پر تاریخی شکست سے دوچار کر دیا۔
نئے چہروں کی اتنی بڑی تعداد میں ایوان تک رسائی کو آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک اہم اور نمایاں تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔




