آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے حوالے سے مسلم لیگ ن کا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے، ذرائع کے مطابق شاہ غلام قادر کا نام وزیراعظم کے لیے سامنے آیا ہے۔دوسری جانب نواز شریف نے پارٹی سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق کو آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر کے لیے نامزد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق کو آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر کے لیے نامزد کردیا ہے، جبکہ ذرائع کے مطابق پارٹی صدر شاہ غلام قادر کا نام آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے لیے سامنے آیا ہے۔ دونوں ناموں کی باضابطہ اور حتمی توثیق مسلم لیگ ن کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کی جائے گی۔
آزاد کشمیر میں عام انتخابات اور مخصوص نشستوں کے مرحلے کی تکمیل کے بعد نئی قانون ساز اسمبلی کی تشکیل کا اہم پارلیمانی عمل شروع ہو چکا ہے۔ 24 اگست کے افتتاحی اجلاس میں نومنتخب ارکان کی حلف برداری کے بعد آج 25 اگست کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا مرحلہ مکمل کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر حکومت سازی: اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب آج، ن لیگ کی عددی پوزیشن مضبوط
نومنتخب ارکان کی حلف برداری
افتتاحی اجلاس میں اسپیکر چوہدری لطیف اکبر نے مجموعی طور پر 46 نومنتخب ارکان سے اسمبلی رکنیت کا حلف لیا، جس کے ساتھ ہی نئی آئینی و پارلیمانی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن آزاد کشمیر نے اپنی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کر رکھا ہے۔ اجلاس میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعظم کے امیدواروں کے ناموں کی باضابطہ منظوری اور اعلان کیا جائے گا۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا شیڈول
قانون ساز اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے لیے کاغذات نامزدگی 25 اگست کو صبح 10 بجے سے 11 بجے تک جمع کرائے جائیں گے۔
اس کے بعد 11 بج کر 15 منٹ پر کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی، جبکہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 11 بج کر 30 منٹ پر جاری کی جائے گی۔ کاغذات واپس لینے کے لیے 11 بج کر 45 منٹ کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔
دوپہر 12 بجے امیدواروں کی فائنل فہرست شائع کی جائے گی۔ شیڈول کے تحت دوپہر 2 بجے اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی صدارت میں اسمبلی کا اجلاس ہوگا، جس میں نئے اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
اس کے بعد دوپہر 3 بجے اسمبلی سیکریٹریٹ میں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔




