آزادکشمیر اسمبلی: مسلم لیگ ن سب سے بڑی جماعت بن گئی، حلف برداری مکمل

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آذاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے انتخاب کے بعد اسمبلی کا ایوان مکمل ہوگیا اور نومنتخب اراکین اسمبلی نے حلف بھی اٹھا لیا ۔

اس طرح ایوان میں مسلم لیگ ن 32 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن گئی جبکہ پیپلزپارٹی کے پاس 14 نشستیں ہیں۔

پونچھ اور سدھنوتی کی 7 نشستوں پر انتخابات نہ ہونے کے باعث یہ نشستیں تاحال خالی ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سرحد یونیورسٹی واقعہ: پاک فوج نے نوٹس لے لیا، آرمڈ فورسز کے آفیسر کے خلاف مقدمہ درج

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں 8 مخصوص نشستوں کے انتخاب کے بعد نومنتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا۔ اسپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا۔

مخصوص نشستوں میں خواتین کی 5 نشستوں میں مسلم لیگ ن کی سحرش قمر، مریم زمان اور مریم ادریس جبکہ پیپلزپارٹی کی فرزانہ یعقوب اور زوبیہ خورشید کامیاب ہوئیں۔

زوبیہ خورشید اور رفعت عابد کے برابر 5،5 ووٹ آنے پر قرعہ اندازی کے ذریعے زوبیہ خورشید کامیاب قرار پائیں۔

علما و مشائخ کی نشست پر مسلم لیگ ن کے پیر مظہر سعید شاہ، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر بیرسٹر سید افتخار گیلانی اور اوورسیز کشمیریوں کی نشست پر عبدالرحمان آرائیں کامیاب ہوئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایرانی وزیر داخلہ کی اہم ملاقات، علاقائی صورتحال پر گفتگو

مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن کی مجموعی نشستیں 31 ہوگئیں، جبکہ عوامی دست و بازو کی ایک نشست پر اتحاد کے بعد ن لیگ کے ارکان کی تعداد 32 ہوگئی۔

پیپلزپارٹی کے پاس 14 نشستیں ہیں۔ پونچھ اور سدھنوتی میں انتخابات نہ ہونے کے باعث 7 نشستیں خالی ہیں، تاہم ان نشستوں کے بغیر ہی حکومت سازی کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

نومنتخب ارکان کی حلف برداری کے بعد اب آزاد کشمیر میں حکومت کی تشکیل اور اہم آئینی عہدوں کے انتخاب کا مرحلہ شروع ہوگا۔