مسلم کانفرنس کو آؤٹ کرنے کی سازش ناقابل قبول، ایکشن کمیٹی والے بھائی ہیں: سردار عتیق

دھیرکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل): صدر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس کو نظام سے آؤٹ کرکے تقسیم کشمیر کی سازش کی جا رہی ہے، جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

یومِ نیلہ بٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ سردار ساجد اقبال عباسی کو الیکشن کے بعد مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی پیشکش کی گئی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امریکی سفیر کا مسئلہ کشمیر پر بیان یواین قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی، سید صلاح الدین احمد

تاہم انہوں نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ن لیگ کے خلاف الیکشن لڑا ہے۔ ان کے مطابق بعد ازاں ساجد عباسی کے سامنے ایکشن کمیٹی کے ساتھ روابط کے حوالے سے معاملات رکھے گئے، جس کے بعد وہ ن لیگ کے اتحادی بن گئے۔

سردار عتیق احمد خان نے عوامی ایکشن کمیٹی کے حوالے سے کہا کہ ایکشن کمیٹی والے ہمارے بھائی ہیں، میں خود ان کے پاس جاؤں گا اور درخواست کروں گا کہ وہ تقسیمِ کشمیر کی سازش کا حصہ نہ بنیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس ختم، وزیراعظم آزادکشمیر کے 2 نام فائنل ، اعلان آج متوقع

انہوں نے کہا کہ مردانگی کا تقاضا ہے کہ ہر شخص اپنا اپنا الیکشن لڑے۔ جب الیکشن کا اعلان ہوا تو دھیرکوٹ میں بڑی تعداد میں امیدوار میدان میں تھے، تاہم آہستہ آہستہ ایک امیدوار راستے سے ہٹتا گیا اور دوسرا بھی دستبردار ہوتا گیا۔

سردار عتیق احمد خان نے عزم ظاہر کیا کہ مسلم کانفرنس کی سیاسی جدوجہد جاری رہے گی اور ریاستی تشخص، قومی مفادات اور کشمیر کاز کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔