میڈیکل کیمپ

راولاکوٹ، پاک فوج کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

راولاکوٹ(کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر میں عوامی فلاح اور بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں پاک فوج کی جانب سے راولاکوٹ کے بلدیہ چوک میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت شہریوں کو مفت طبی معائنہ اور ادویات فراہم کی گئیں۔

پاک فوج کے مطابق کیمپ کے انعقاد کا مقصد موجودہ حالات اور احتجاج کے باعث متاثر ہونے والی مقامی آبادی کو بروقت طبی سہولیات فراہم کرنا تھا۔

5 ہزار سے زائد افراد کو ادویات فراہم

کیمپ میں پاک فوج کے ماہر طبی عملے نے شہریوں کا معائنہ کیا اور انہیں ضرورت کے مطابق مفت ادویات فراہم کیں۔ طبی عملے کے مطابق کیمپ کے دوران 5 ہزار سے زائد مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مسلم ہینڈز جلد ضلع حویلی میں مختلف مقامات پر فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کرے گا

اس کے علاوہ خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت 80 سے زائد مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا گیا۔ طبی عملے نے شہریوں کو صحت سے متعلق ضروری مشورے بھی دئیے۔

شہریوں نے اقدام کو سراہا

موجودہ حالات میں مفت اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی پر مقامی شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ مشکل صورتحال میں مفت ادویات اور طبی سہولیات کی فراہمی سے مقامی آبادی کو ریلیف ملا ہے۔

انہوں نے پاک فوج کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد اور عوامی خدمت کے جذبے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

عوامی فلاح کے اقدامات جاری

پاک فوج کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں عوامی فلاح، طبی سہولیات اور بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں، جن کا مقصد مشکل حالات میں مقامی آبادی کو ممکنہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاک فوج کے تعاون سے شاہ کوٹ میں فری میڈیکل کیمپ، جدید علاج کی سہولیات فراہم