جہلم ویلی : ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جہلم ویلی ڈاکٹر طاہر رحیم مغل کی سربراہی میں ضلع بھر کی لیڈی ہیلتھ سپروائزرز (LHSs) اور لیڈی ہیلتھ وزٹرز (LHVs) کی جائنٹ میٹنگ منعقد ہوئی۔
اجلاس میں ایم این سی ایچ پروگرام کے فوکل پرسن راجہ ساجد عظیم خان، لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام کے فوکل پرسن ظفر اقبال، MMS پروگرام کی فوکل پرسن ڈاکٹر فہمیدہ اور ایکٹنگ اے ڈی سی لیڈی ہیلتھ ورکر پروگرام فرخندہ قیوم نے شرکت کی۔ ڈاکٹر طاہر رحیم مغل نے تمام لیڈی ہیلتھ سپروائزرز اور وزٹرز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہر مرکز کی انفرادی کارکردگی رپورٹ طلب کی اور ناقص کارکردگی والے مراکز کو بہتری کے لیے ANC کونسلنگ سیشن منعقد کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
اجلاس میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے ریفر کیے گئے مریضوں کے علاج کے لیے ایک مؤثر نظام متعارف کرایا گیا جس کے تحت مریض کو پہلے سنٹر میں لیڈی ہیلتھ وزٹر اٹینڈ کرے گی اور ضرورت پڑنے پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ریفر کر کے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جائے گا تاکہ بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد آزاد کشمیر کا دارالحکومت ہے اس کی فنڈنگ بھی اسی حیثیت سے ہونی چاہیے :سید سکندر گیلانی
ڈاکٹر طاہر رحیم مغل نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام مراکز صحت کی لیڈی ہیلتھ سپروائزرز اور وزٹرز کو کارکردگی میں بہتری لانے کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ ماہ کی میٹنگ میں تمام مراکز کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔