مظفرآباد: فوڈ اتھارٹی کی جانب سے غیر رجسٹرڈ اور غیر معیاری اشیاء خوردونوش کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے دارالحکومت مظفرآباد میں راولپنڈی سے آنے والی گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران غیر معیاری مضر صحت اورغیر رجسٹرڈ اشیاء خوردونوش کا سامان بھاری مقدار میں برآمد کر لیا ۔
حکام کے مطابق متعلقہ افراد کو تین دن کے اندر رجسٹریشن کروانے کی ہدایت دی گئی ہے بصورت دیگر فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا کہ عوام کو ملاوٹ سے پاک اور معیاری اشیاء خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور ایسے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: طلباء تنظیموں پر پابندی کے خلاف احتجاجی ریلی، طلباء کے مسائل پر آواز بلند
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو معیاری اشیاء کی فراہمی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور کارروائیاں جدید لیبارٹریز کے ذریعے عمل میں لائی جا رہی ہیں۔