بینظیر سم

مستحق خواتین مفت بینظیر سم جلد حاصل کریں،چیئرپرسن روبینہ خالد

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مستحق خواتین کیلئے موبائل سم کے استعمال سے متعلق نئی اور اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام رجسٹرڈ بینفشریز اپنی معلومات کے تحفظ اور شفاف ادائیگی کے نظام سے مستفید ہونے کیلئے بینظیر سم ضرور حاصل کریں۔

بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے ای کچہری کے دوران مستحق خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن خواتین نے ابھی تک بی آئی ایس پی دفتر سے مفت بینظیر سم حاصل نہیں کی یا وہ کسی دوسری کمپنی کی سم استعمال کر رہی ہیں، وہ جلد از جلد اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفتر سے مفت بینظیر سم حاصل کریں۔

انہوں نے بتایا کہ سم کے اجرا کے لیے خواتین اپنا اصل شناختی کارڈ اور ذاتی موبائل فون ساتھ لائیں جبکہ سم وصول کرتے وقت متعلقہ عملے سے درخواست کریں کہ وہ سم کو ان کے موبائل فون میں موقع پر ہی نصب کرے تاکہ بعد میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔

روبینہ خالد نے کہاکہ بی آئی ایس پی کی ادائیگیوں کو مزید شفاف اور محفوظ بنانے کیلئے رقم ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے منتقل کی جائے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بی آئی ایس پی ڈیجیٹل والٹ سے پیسے نکلوانے پر کتنی فیس دینا ہوگی؟

جب رقم مستحق خاتون کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوگی تو متعلقہ بینک کی جانب سے ایس ایم ایس موصول ہوگا جبکہ رقم نکلوانے کے بعد بھی ایک الگ تصدیقی پیغام بھیجا جائے گا جس میں منتقل اور وصول کی گئی رقم کی مکمل تفصیلات درج ہوں گی۔

یہ پیغام ادائیگی کا باقاعدہ ثبوت ہوگا، جس کی مدد سے خواتین آسانی سے تصدیق کر سکیں گی کہ انہیں پوری رقم موصول ہوئی ہے۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے خواتین کو خبردار کیا کہ وہ کسی بھی صورت اپنا موبائل فون یا سم کسی ایجنٹ یا غیر متعلقہ شخص کے حوالے نہ کریں، کیونکہ رقم وصول کرنے کے لیے صرف اصل شناختی کارڈ اور بائیومیٹرک تصدیق درکار ہوتی ہے ۔

موبائل فون کی ضرورت نہیں ہوتی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خواتین اپنا موبائل فون اور نمبر ہر وقت اپنی تحویل میں رکھیں تاکہ کوئی شخص ان کے پیغامات، ادائیگیوں یا شکایات سے متعلق معلومات تک غیر مجاز رسائی حاصل نہ کر سکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بی آئی ایس پی میں ایک ہی مرد کی 5598رجسٹرڈ بیویوں کی حالیہ رپورٹ مسترد

انہوں نے واضح کیا کہ بی آئی ایس پی کے تحت فراہم کی جانے والی تمام مالی امداد، وظائف اور دیگر خدمات مکمل طور پر مفت ہیں اور کسی بھی فرد کو کسی قسم کی فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں۔