بھمبر: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 500 خواتین کے لیے مالیاتی تربیتی سیشن

بھمبر : بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے ضلعی دفتر بھمبر میں 500 مستحق خواتین کے لیے دو روزہ ڈیجیٹل مالیاتی تعلیم کا تربیتی پروگرام جاری ہے۔ اس پروگرام کا مقصد خواتین کو مالیاتی امور میں راہنمائی فراہم کرنا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان کے رمضان پیکج کے تحت مستحق خاندانوں میں 5 ہزار روپے کی امداد تقسیم کرنے کے لیے ضلعی دفتر بھمبر، تحصیل دفتر برنالہ اور تحصیل دفتر سماہنی میں ادائیگی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ اس امدادی سکیم کے اہل وہی افراد ہوں گے جنہیں 9999 سے تصدیقی پیغام موصول ہوگا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نمائندے کی جانب سے فون آئے گا یا اگر رجسٹرڈ موبائل نمبر بند ہو تو نمائندہ خود مستحق فرد کے گھر جا کر اطلاع دے گا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بھمبر اور فوکل پرسن این ایس سی آر میرپور زون محمد اشتیاق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مستحق خاندانوں کی حاملہ خواتین کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال بھمبر اور ٹی ایچ کیو سماہنی میں بے نظیر نشوونما مراکز پہلے سے قائم ہیں جہاں انہیں غذائی سپلیمنٹس اور 3,000 سے 3,500 روپے کی اضافی امداد دی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بچوں کی تعلیم کے لیے وسیلہ تعلیم پروگرام کے تحت بھی ادائیگیاں جاری ہیں اور مختلف سہولت کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ بیٹھنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہا کہ اگر کسی مستحق فرد کو کسی قسم کی شکایت ہو تو وہ ادارے سے رابطہ کر سکتا ہے۔

Scroll to Top