نیلم( کشمیر ڈیجیٹل) نیلم ویلی کی یونین کونسل پنجکوٹ میں عوامی ایکشن کمیٹی کے حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مرکزی رہنما شوکت نواز میر نے عہدیداروں سے حلف لیا۔
شوکت نواز میر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوہالہ کے مقام پر مذاکرات میں جوچیزیں طے ہوئیں ان میں سے صرف ایک مطالبہ پورا کیا ، 4زخمیوں کو 10،10 لاکھ روپے ملے، باقی مطالبات جوں کےتوں ہیں۔
بجلی تھری فیز، طلبہ تنظیموں کی بحالی،بلدیاتی نمائندوں کا اختیارات کامعاملہ جوں کا توں ہے، جموں وکشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کسی بھی صورت بلدیاتی اختیارات سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
انہوں نے کہا کہ چاہے بلدیاتی نمائندگان ہمارا ساتھ دیں یا نہ دیں ، مطالبے پر علمدرآمد کرائیں گے اس کا فائدہ عام عوام کو ہوگا۔
اس موقع پراپنے حق میں نعرے بازی پر شوکت نواز میر نے کہا کہ میری عزت جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی وجہ سے ہے، شخصی نعرے نہ لگائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے سب سیاسی قائدین قابل احترام ہیں،چاہے وہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھتے ہوں ، ہمیں کسی کو اچھے اور برے کا سرٹیفکیٹ دینے کا کوئی مینڈیٹ نہیں۔
عوام نے 70 سالوں کے بعد جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی پر اعتماد پر جس سے سستی بجلی اور سستا آٹادستیاب ہوا،ذاتی انا کو ختم کرنے پر ہی ہمیں کامیابی ملی۔
برادری ، مسلکی، پارٹی بنیادوں کو پیچھے چھوڑ کر تحریک آگے بڑھائی گئی،ہم تحریک آگے لے کر چل رہے ہیں، عوامی مطالبات پورا کراکر رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: گو رننس کا نظام فلاپ،ہر بات کی نوبت احتجاج پر آتی ہے،مکس اچار حکومت ہوتو ایسا ہی ہوتا ہے،شوکت نواز میر