تیاریاں

آزاد کشمیر انتخابات دوسرا مرحلہ، انتخابی مہم ختم، تیاریاں مکمل ،پولنگ کل ہوگی

آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے انتخابی مہم ختم ہوگئی، مظفر آباد ڈویژن کے 3 اضلاع کی9 نشستوں اور 12 مہاجر نشستوں پر پولنگ کل 2 اگست اتوار کو ہوگی۔

مظفرآباد ڈویژن کے3 اضلاع کی 9 نشستوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8 لاکھ 90 ہزار 621 ہے۔ جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 27 ہزار 955 اور خواتین ووٹرز کی تعداد3 لاکھ 81 ہزار 6 سو 66 ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کا بائیکاٹ ایکشن کمیٹی کا بیانیہ کبھی نہیں رہا، عوام بھرپور ووٹ دیں، کور ممبر راجہ سعید احمد خان

مظفرآباد ڈویژن بھر میں ایک ہزار 483 پولنگ اسٹیشن پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔

آزادکشمیرقانون سازاسمبلی میں مہاجرین کی 12نشستوں کے لیے پولنگ بھی 2 اگست کو ہوگی۔ جموں اور ویلی کی 6،6 نشستوں پر ملک کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیری ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

جموں کی 6 نشستیں ایل اے 34جموں 1 سے ایل اے 39جموں 6 تک جبکہ ویلی کی6 نشستیں ایل اے 40 ویلی 1سے ایل اے 45ویلی 6 تک مشتمل ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ووٹ پول کرنے کے لیے گھروں سے نکلیں ، عوام روٹھ کر بیٹھ جائیں گے تو پھر مسئلہ جلسے جلوس اور احتجاج سے حل نہیں ہوگا۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ یہ آزاد کشمیر کی تاریخ کا مشکل ترین انتخاب ہے ، اگر حالات ایسے ہی رہتے ہیں تو راولا کوٹ کے انتخابات آگے پیچھے ہوسکتے ہیں ۔

چیف الیکشن کمشنر نے مظفرآباد کے 2حلقوں حلقہ ایل اے28لچھراٹ اور حلقہ ایل اے31کھاوڑہ انتہائی حساس ہیں۔

مظفرآباد کی 9نشستوں کے بڑے مقابلے

ایل اے 25نیلم ون میں 80ہزار239ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، یہاں مسلم لیگ(ن) کے صدر شاہ غلام قادر اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنمامیاں عبدالوحید کے مابین مقابلہ ہے، گزشتہ الیکشن میںشاہ غلام قادر نےحلقہ سے 14ہزار341ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی ۔

میاںوحید دوسرے نمبرجبکہ پی ٹی امیدوار سردار گل خنداں تیسرے نمبر پر رہے تھے، اب میاں وحید اورشاہ غلام قادر کا ون ٹون مقابلہ ہے۔

ایل اے26نیلم 2میں71ہزار672ووٹرز رجسٹرڈ ہیں ، اس حلقہ میں شاہ غلام قادر، میاں عبدالوحیداور سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس مدمقابل ہیں،سابق الیکشن میں حلقہ سے میاں عبدالوحید نے کامیابی حاصل کی تھی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق حلقہ میں اصل مقابلہ شاہ غلام قادر اور میاں وحید کے مابین ہے جبکہ سردارتنویر الیاس کو آبائی حلقہ نہ ہونے اور انتخابی مہم کے کم دن ملنے پر مشکلات کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں ، جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل

ایل اے27کوٹلہ میں 87ہزار706ووٹ رجسٹرڈ ہیں، حلقہ سے سابق الیکشن میں پیپلزپارٹی کے امیدوار سردار جاوید ایوب نے کامیابی حاصل کی تھی۔

کوٹلہ میں اب 3تگڑے امیدوار موجود ہیں جن میں مسلم لیگ(ن) کی نورین عارف،پیپلزپارٹی کے جاوید ایوب اور استحکام پاکستان پارٹی کے سردار تبارک کے مابین مقابلہ ہے۔

ایل اے 28لچھراٹ میں سابق الیکشن میں پی پی کے بازل نقوی نے کامیابی سمیٹی تھی جبکہ چوہدری شہزاد نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا اور دوسرےنمبر پر رہے تھے، اب بھی انہی دونوں امیدواروں کےمابین ون ٹوون مقابلہ ہے ۔

مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ ہولڈرچوہدری شہزاد کو سید مرتضی گیلانی کی حمایت بھی حاصل ہے۔

ایل اے29سٹی میں سابق الیکشن میں خواجہ فاروق نے کامیابی سمیٹی تھی لیکن اب کی بار مسلم لیگ(ن) کے بیرسٹر افتخار گیلانی اور پیپلزپارٹی کے سردار مختار عباسی کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہے۔

ایل اے 30ہٹیاں دوپٹہ سے سابق الیکشن میں چوہدری رشید نے پی ٹی آئی ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی ، اب یہاں مسلم لیگ(ن) کے مصطفی بشیر اور پیپلزپارٹی کے مبشر منیر اعوان میں مقابلہ ہے۔مصطفی بشیر عباسی کو رفاقت اعوان کی حمایت حاصل ہے۔

ایل اے 31کھاوڑہ میں سابق الیکشن کی طرح اب کی بار بھی پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما، قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر اور مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ ہولڈر ثاقب مجید راجا کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہے اور تیسرا کوئی امیدوار دور تک ان کے مقابلہ کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

ثاقب مجید راجا کا دعویٰ ہے کہ کامیابی یقینی ہے جبکہ چوہدری لطیف اکبر اور جیالوں نے بھی بھرپورانداز میں مہم چلائی ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق اس حلقہ میں جیت اور ہار کا فیصلہ انتہائی کلوز ہوگا ۔

ایل اے32چکار جہلم ویلی میں سابق الیکشن کی طرح اب کی بار بھی سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور پیپلزپارٹی کے رہنما صاحبزادہ اشفاق ظفر کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فسادیوں کا انتخابات کے دوران مظفر آباد کی طرف مارچ سازشی منصوبہ تھا: وزیر اعظم فیصل راٹھور

سابق الیکشن میں راجہ فاروق حیدر 400کی معمولی لیڈ سے جیتے تھے اور اشفاق ظفر نے دھاندلی کا الزام لگایا تھا جبکہ امیر جماعر اسلامی ڈاکٹر مشتاق بھی اسی حلقہ امیدوار ہیں۔

ایل اے 33جہلم ویلی2میں سابق الیکشن میں پی ٹی آئی ٹکٹ پر دیوان چغتائی نے بھارتی اکثریت سے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کو شکست دی تھی،اب دیوان چغتائی پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑرہے ہیں جبکہ ان کے سابق ساتھی چوہدری رشیداب مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ پر ان کے مدمقابل ہیں۔

حلقہ میں دونوں امیدواروں کے مابین سخت مقابلہ ہےاور برادری کارڈ بھی بھرپورانداز میں کھیلا گیا ہے۔