میرپور: افضل مارکیٹ میں چار روز سے بجلی کی عدم فراہمی پر تاجروں کا شدید احتجاج، محکمہ برقیات کے خلاف سخت نعرے بازی جاری ہے اور 4 بجے تک بجلی کی عدم بحالی کی صورت میں حیدری چوک اور گرڈ کا گھیراو کرنے کی وارننگ دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق باغ کی آفیسر مارکیٹ اور خان محلہ کے مکینوں کو گزشتہ چار دنوں سے بجلی کی عدم دستیابی کا سامنا ہے جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہو گئی ہیں۔ خصوصاً درزی برادری شدید مشکلات کا شکار ہےجو عید کی تیاریوں کے دوران بجلی کی بندش سے سخت پریشان ہیں۔ شہریوں نے محکمہ برقیات کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے فوری بجلی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ متاثرہ تاجروں کا کہنا ہے کہ محکمہ برقیات نے اب تک کوئی متبادل حل پیش نہیں کیا اور نہ ہی ان کی شکایات پر کوئی توجہ دی جا رہی ہے۔
متاثرین کے مطابق جب محکمہ برقیات کے دفتر فون کیا جاتا ہے تو فون تک اٹھانےکی زحمت نہیں کی جاتی۔ کاروباری برادری کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی ٹرانسفارمر کی مرمت کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت رقم جمع کر چکے ہیں مگر محکمہ برقیات نے اب تک کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا۔
احتجاجی افراد کا کہنا ہے کہ اگر شام 4 بجے تک بجلی بحال نہ کی گئی تو وہ صرف حیدری چوک ہی نہیں بلکہ گرڈ اسٹیشن کا بھی گھیراؤ کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو وہ کسی بھی انتہائی اقدام سے دریغ نہیں کریں گے اور ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
تاجر برادری نے محکمہ برقیات سے فوری طور پر بجلی کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر مسائل حل نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔