علی شان سونی کی بڑی کامیابی،ایم سی امیدوار خضر حیات دستبردار

سماہنی (کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان استحکام پاکستان کے مرکزی رہنما چوہدری فیضان رشید کنجال کی جانب سے سماہنی کی مقامی مارکی میں استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ سماہنی چوہدری علی شان سونی کے اعزاز میں ایک بڑی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر مسلم کانفرنس کے امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ سماہنی چوہدری خضر حیات نے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار چوہدری علی شان سونی کے حق میں دستبرداری اور مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے حلقہ سماہنی میں استحکام پاکستان پارٹی کی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سماہنی، علی شان سونی کا تگڑا وار، ن لیگی رہنمائوں کا آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری علی شان سونی نے مسلم کانفرنس کی قیادت اور چوہدری خضر حیات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ حمایت عوامی اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین یونین کونسل منانہ سرسالہ کا پورا خاندان ان کے ساتھ کھڑا ہے، جبکہ جن لوگوں نے کسی مجبوری کے باعث ساتھ چھوڑا ہے، ان پر کسی قسم کی تنقید نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ راجہ خوشنود اعظم خان کی بطور مشیر حکومت اور استحکام پاکستان پارٹی کی حمایت سے ہماری سیاسی طاقت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 20 برس کے دوران ہونے والی تعمیر و ترقی عوام کے سامنے ہے اور وہ اسی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: میرپور اور کوٹلی سے بڑی شمولیتیں، استحکامِ پاکستان پارٹی کی سیاسی پوزیشن مستحکم

چوہدری علی شان سونی نے 24 جولائی کو صبح 11 بجے جنڈی چونترہ سے پونا تک ایک بڑے پاور شو ریلی کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں اور عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی۔

تقریب کے اختتام پر میزبان چوہدری فیضان رشید کنجال نے تمام مہمانوں، کارکنوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور چوہدری علی شان سونی کو 27 جولائی کے انتخابات میں پیشگی کامیابی کی مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ استحکام پاکستان پارٹی حلقہ سماہنی میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔