پاک فوج کی امدادی کارروائیاں، شدید برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث وادی لیپہ کی روڈ بند

وادی لیپہ میں شدید برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے وادی کے لیے ہر قسم کے سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔ برف باری کے باعث کئی مقامات پر راستے بند ہو چکے ہیں جبکہ لیپہ ریشیاں براستہ شیڑ گلی روڈ پر سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پاک فوج کے جوان اور محکمہ شاہرات کے اہلکار برف ہٹانے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جس کے باعث شیڑ گلی ٹریک پر ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی ہے۔ تاہم راستوں پر برف جمنے اور مسلسل برف باری کی وجہ سے سفر کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

وادی لیپہ میں گزشتہ پانچ روز سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور آج زیریں علاقوں میں بھی برفباری شروع ہو چکی ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز تک برف باری اور بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہےجبکہ لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وادیٔ لیپہ میں ماحولیاتی تباہی: جنگلات کی کٹائی اور غیر قانونی شکار سے نایاب جنگلی حیات خطرے میں

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔

Scroll to Top