راولاکوٹ اور مظفرآبادکے مضافاتی علاقوں میں بارش، دھند اور ژالہ باری نے سماں باندھا ہوا ہے، موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ ابھی جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ سڑکوں پر پھسلن کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مزید 2 روز تک بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے برف باری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا حدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ ہفتہ 15 مارچ کو دن بھر وقفے وقفے سے بارش جاری رہے گی جبکہ درجہ حرارت 12 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔ تیز ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
اتوار 16 مارچ کو صبح کے وقت ہلکی بارش متوقع ہے جس کے بعد مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ درجہ حرارت میں قدرے بہتری آئے گی اور زیادہ سے زیادہ 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جبکہ پیر 17 مارچ کو موسم صاف رہنے کی توقع ہے اور دھوپ نکلنے سے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگاتاہم صبح اور رات کے وقت سردی برقرار رہے گی۔
شدید بارشوں اور ژالہ باری کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔