مرغابیوں کے لیے پناہ، شکاریوں کے لیے پابندی! مظفرآباد اور نصیرآباد میں شکار پر مکمل پابندی

مظفرآباد :مظفرآباد اور سب ڈویژن پٹہکہ نصیرآباد کی حدود میں مرغابیوں کے شکار پر تین ماہ کے لیے مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ چوہدری اقبال حسن نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہےجس کے تحت شکار کی کسی بھی سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ اس مشاہدے کے بعد کیا گیا کہ حالیہ برسوں میں غیر قانونی شکار کے باعث مہمان پرندے مرغابیوں کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ نصیرآباد سمیت سب ڈویژن کی مختلف حدود میں بعض شکاری بے دریغ شکار کرتے رہے ہیں جس کی روک تھام اب ناگزیر ہو چکی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے اپنے اختیارات بروئے کار لاتے ہوئے فوری طور پر شکار پر پابندی عائد کر دی ہے۔

مزید برآں جاری کردہ نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ جو کوئی بھی اس حکم کی خلاف ورزی کرے گااس کے خلاف زیر دفعہ 188 -APC کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد نہ صرف فطری ماحول کا تحفظ ہے بلکہ ان مہمان پرندوں کو آزاد کشمیر میں محفوظ ماحول فراہم کرنا بھی ہے تاکہ ان کی تعداد میں مزید کمی نہ ہو۔

واضح رہے کہ ہر سال سردیوں کے آغاز پر مرغابیاں ہجرت کر کے آزاد کشمیر کا رخ کرتی ہیں تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے ان کی آمد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر شکار کو اسی طرح جاری رکھا گیا تو آئندہ برسوں میں یہ مہمان پرندے مکمل طور پر معدوم ہو سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مقامی انتظامیہ نے اس بار سخت اقدامات کیے ہیں تاکہ اس قیمتی قدرتی خزانے کو محفوظ رکھا جا سکے۔

Scroll to Top