مظفرآباد (سٹاف رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ نمبر 4 ہٹیاں دوپٹہ اور سابق وزیر حکومت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے انتخابی مہم کے سلسلے میں یونین کونسل لانگلہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا
پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنمادرجنوں کارکنوں ، ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر پارٹی رہنماؤں، عمائدین علاقہ، نوجوانوں اور خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے کہا کہ عوام کا جوش و جذبہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ حلقہ نمبر 4 کے لوگ خدمت، دیانت اور ترقی کی سیاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بلوچ :ملتوی الیکشن پردوبارہ شیڈول جاری،21جولائی تک کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی ہدایت
انہوں نے نئے شامل ہونے والے کارکنوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سب کو ساتھ لے کر چلنے والی جماعت ہے اور یہاں آنے والے ہر فرد کو عزت اور احترام دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ برادری ازم، نفرت اور تقسیم کی سیاست نے اس حلقے کو کئی برس پیچھے دھکیل دیا ۔ وقت آ گیا ہے کہ عوام برادری، ذات اور گروہی تعصبات سے بالاتر ہو کر کردار، اہلیت، دیانت اور خدمت کی بنیاد پر اپنا فیصلہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے انہیں کامیاب کیا تو پورے حلقے میں بلاامتیاز ترقیاتی کام کیے جائیں گے اور کسی بھی علاقے یا برادری کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہوگا۔
ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح حلقے کی متوازن ترقی، معیاری سڑکوں کی تعمیر، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صحت و تعلیم کی بہتر سہولیات، روزگار کے مواقع، خواتین کو بااختیار بنانے اور جدید بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کی محرومیاں ختم کرنا اور ہر گاؤں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ان کے منشور کا اہم حصہ ہے۔ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی پاکستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے
مزید یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان کو آزادکشمیر طرز کا سیٹ اپ دیا جائے،ڈاکٹر مشتاق خان
مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قومی مفاد، آئینی بالادستی، جمہوری استحکام اور عوامی خدمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔
قائد محمد نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو معاشی استحکام، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جن کے ثمرات آزاد کشمیر تک بھی پہنچیں گے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ سوشل میڈیا سمیت ہر محاذ پر مثبت سوچ، قومی یکجہتی اور باوقار سیاسی کلچر کو فروغ دیں اور نفرت، جھوٹ اور انتشار کی سیاست کو مسترد کریں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ہی آزاد کشمیر کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں اور انہیں ترقی کے سفر میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے کہا کہ 27جولائی کو عوام گھروں سے نکل کر ترقی، خوشحالی، قومی یکجہتی اور عوامی خدمت کے حق میں ووٹ دیں ۔ مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنا کر حلقہ نمبر 4 کو ترقی کی نئی منزلوں سے ہمکنار کریں۔
اجتماع کے اختتام پر پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے درجنوں کارکنوں نے ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں باقاعدہ شمولیت اختیار کی اور ان کی کامیابی کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلانے کے عزم کا اعادہ کیا۔




