انتخابات

آزاد کشمیر انتخابات ،مظفرآباد میں سیاسی درجۂ حرارت عروج پر

مظفرآبا د(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات 2026 کے انعقاد میں اب صرف چند روز باقی رہ گئے ہیں اور پورا خطہ انتخابی رنگ میں رنگ چکا ہے۔

گلی، محلوں، بازاروں اور شاہراہوں پر سیاسی جماعتوں کے جھنڈے، بینرز اور پینا فلیکس نمایاں ہیں، جبکہ ہر طرف انتخابی جوش و خروش عروج پر ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے اُمیدوار اپنے اپنے حلقوں میں بھرپور انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔

جلسوں، جلوسوں، کارنر میٹنگز اور عوامی رابطہ مہم کے ذریعے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں، جبکہ ہر جماعت اپنی کامیابی کے دعوے کر رہی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات ، ن لیگ اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی،راجہ ثاقب مجید

پاکستان کی مرکزی سیاسی قیادت بھی آزاد کشمیر پہنچ چکی ہے۔ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مظفرآباد پہنچے، جہاں وہ مختلف انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر جماعتوں کی مرکزی قیادت بھی مختلف حلقوں میں اُمیدواروں کی انتخابی مہم کی قیادت کر رہی ہے۔

اب نظریں 27 جولائی پر جمی ہیں، جب آزاد کشمیر کے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے فیصلہ کریں گے کہ آئندہ پانچ برسوں کیلئے حکومت کس جماعت کے ہاتھ میں ہوگی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات ، ضلع نیلم کے دو حلقوں کے ووٹرز کے اعداد و شمار جاری

انتخابی میدان پوری طرح سج چکا ہے، سیاسی درجۂ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے اور مقابلہ روز بروز مزید دلچسپ ہوتا جا رہا ہے۔