ہٹیاں بالا:بلوچستان دہشتگردی میں شہید راجہ عزیر فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک،ہر آنکھ اشکبار

ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل) بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوان راجہ عزیر کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں کوٹلہ میں ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ معروف عالم دین علامہ سید محمد اسحاق نقوی کی اقتداء میں ادا کی گئی، جس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام سمیت عوام علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہید کے جسد خاکی کی گھر آمد پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملے، ہر آنکھ اشکبار تھی۔ 23 سالہ شہید راجہ عزیر گزشتہ دو سال سے پاک فوج میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ ان کی شہادت پر اہل خانہ اور اہل علاقہ میں گہرے رنج و غم کی فضا قائم رہی۔

نماز جنازہ میں شریک وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے اعلان کیا کہ علاقے میں موجود گورنمنٹ پرائمری سکول کو شہید راجہ عزیر کے نام سے منسوب کیا جائے گا تاکہ ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے۔

شدید بارش کے باوجود جنازے میں بڑی تعداد میں افراد شریک ہوئے۔ نماز جنازہ میں وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی، ڈپٹی کمشنر ضلع جہلم ویلی سید اشفاق گیلانی، بیوروکریسی، عسکری حکام، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تمام شرکاء نے شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی قربانی کو ملک و قوم کے لیے عظیم قرار دیا۔

علاقے کے عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے اور ان کے اہل خانہ کی مکمل سرپرستی کی جائے۔
بلوچ، ہمروتہ آج بھی جدید دور میں بینک سہولت سے محروم ، آن لائن رقوم کی ترسیل میں پریشانی کا سامنا

Scroll to Top