بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے نئے سفری قوانین نافذ،نیکوپ لازمی قرار

حکومتِ پاکستان نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے سفری قوانین کی وضاحت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غیر ملکی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے وہ پاکستانی جن کا قومی شناختی کارڈ برائے سمندر پار پاکستانیز یعنی نیکوپ زائد المیعاد یا منسوخ ہو چکا ہے اب وہ ویزا حاصل کئے بغیر پاکستان میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

حکومتی ترجمان نے نجی ٹی وی کے ساتھ انٹرویو میں ان افواہوں اور جعلی خبروں کی سختی سے تردید کی جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ برطانیہ کے تمام پاسپورٹ ہولڈرز پر نیکوپ کے ذریعے انٹری بند کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اوورسیز کشمیری سٹیک ہولڈرز نہیں،آزادکشمیر کے معاملات میں مداخلت سے باز رہیں ،ماریہ اقبال ترانہ

ترجمان نے واضح کیا کہ جن بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے پاس ویلڈ (درست اور فعال) نیکوپ موجود ہے، وہ حسبِ سابق بغیر ویزا کے اپنے غیر ملکی پاسپورٹ پر پاکستان کا سفر جاری رکھ سکتے ہیں۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ یہ نئی ہدایات کسی ایک ملک کے لیے نہیں بلکہ برطانیہ، امریکا، یورپی ممالک اور خلیجی ریاستوں سمیت دنیا بھر سے آنے والے تمام مسافروں پر یکساں لاگو ہوں گی۔

نئے قوانین کے تحت اگر کسی مسافر کا نیکوپ ایکسپائر، غیر مؤثر یا منسوخ ہو چکا ہے، تو اسے فلائٹ لینے سے قبل ہر صورت میں پاکستانی سفارتخانے سے باضابطہ ویزا یا نیا نیکوپ حاصل کرنا ہوگا۔

حکومت نے تمام ملکی اور بین الاقوامی ایئر لائنز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ کسی بھی ایسے مسافر کو جہاز پر سوار نہ ہونے دیں جس کے پاس کارآمد نیکوپ کارآمد پاکستانی پاسپورٹ یا ویزا موجود نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں:بیرون ملک ملازمت کے لیےجانے والوں کو ٹریول ایجنسیوں کو رقم نہ دینے کی ہدایت

ایئر لائنز کے اسٹیشن منیجرزکو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے عملے کو اس حوالے سے فوری طور پر بریف کریں اور بورڈنگ کے وقت مسافروں کے دستاویزات کی کڑی جانچ پڑتال کریں۔

ان قوانین پر عمل نہ کرنے والے مسافروں کے لیے کسی قسم کا کوئی استثنیٰ یا رعایت نہیں برتی جائے گی۔