وزیر دفاع خواجہ آصف کا مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر سخت ترین ردعمل

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے اخلاقی بے حسی قرار دے دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں وفاقی وزیر نے وطنِ عزیز کیلئے جانیں نچھاور کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کے کردار اور ان کی عظمت کا دفاع کیا۔

خواجہ آصف نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں واضح کیا کہ پاک فوج کے جوانوں اور افسران کی لازوال قربانیوں کو محض نوکری یا تنخواہ سے جوڑنا انتہائی نامناسب اور افسوسناک رویہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیرانتخابات : الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کا ہیلی کاپٹر کی فراہمی کے لیے وفاق کو خط

انہوں نے کہاکہ کوئی بھی شخص محض تنخواہ کی خاطر اپنی جان کی بازی نہیں لگاتا۔ شہادت کا جذبہ اور قربانی کا عمل ہمیشہ کسی نظریے، ملک و قوم کی محبت اور وطن سے وفاداری کے تحت ہی سرانجام دیا جاتا ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت جن نازک حالات اور چیلنجز سے گزر رہا ہے، ایسے وقت میں ہمارے شہداء کی عظیم قربانیوں پر کسی بھی قسم کا سوال اٹھانا یا انہیں متنازع بنانا کسی طور مناسب نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دفاعِ وطن کے لیے اپنی جانیں پیش کرنے والوں کی قربانیوں کا دل و جان سے احترام کرنا ہم سب کی مشترکہ قومی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔

مزید پڑھیں: آزاد کشمیر میں عام انتخابات کا نقارہ بج گیا، سیکیورٹی کیلئے وفاقی حکومت کو باقاعدہ خط ارسال