عازمین

حج رجسٹریشن کا جدید نظام، 3 لاکھ سے زائد عازمین کا آن لائن اندراج

وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ سال 2027 سے 2030 تک کیلئے ڈیجیٹل حج رجسٹریشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے اور اب تک 3 لاکھ 8 ہزار سے زائد عازمین گھر بیٹھے اپنا اندراج کروا چکے ہیں۔

نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ جدید ترین حج مینجمنٹ سسٹم ، مخصوص حج پورٹل اور موبائل ایپلی کیشن پاک حج کی بدولت اس عمل میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔

وزارت نے عندیہ دیا ہے کہ عازمین کی سہولت اور شفافیت کیلئے آئندہ مرحلے میں حج واجبات کی وصولی بھی آن لائن کی جائے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:17 لاکھ 7 ہزار 310عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی؟سعودی حکام

حج اسکیموں کے انتخاب کے حوالے سے 2 لاکھ 22 ہزار عازمین نے سرکاری اسکیم جبکہ 86 ہزار سے زائد افراد نے نجی حج اسکیم کو ترجیح دی ہے۔

رجسٹرڈ ہو نیوالوں میں 1 لاکھ 81 ہزار مرد اور 1 لاکھ 27 ہزار خواتین شامل ہیں۔ عمر کے لحاظ سے سب سے بڑا گروپ 33 سے 44 سال کے افراد کا ہے جن کی تعداد 1 لاکھ 19 ہزار ہے جبکہ 61 سال یا اس سے زائد عمر کے 40 ہزار عازمین رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔

جدید نظام کے ڈیٹا سے عازمین کے اعلیٰ تعلیمی رجحان کی بھی عکاسی ہوتی ہے، جس کے مطابق اب تک اندراج کرانے والوں میں 3 ہزار 500 پی ایچ ڈی، 53 ہزار ماسٹرز اور 71 ہزار بیچلرز ڈگری ہولڈرز شامل ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امسال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کریں گے: ترجمان وزارتِ مذہبی امور

وزارتِ مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ آن لائن رجسٹریشن کا عمل بدستور جاری رہے گا اور خواہشمند افراد پورٹل یا موبائل ایپ کے ذریعے اپنی رجسٹریشن مکمل کر سکتے ہیں۔