ورک پرمٹ

امریکا کا 6 ممالک کے تارکین وطن کے ورک پرمٹ میں توسیع کا فیصلہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نےعارضی تحفظ کا درجہ رکھنے والے ہیٹی سمیت 6 دیگر ممالک کے لاکھوں تارکینِ وطن کے ورک پرمٹ کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے یہ ہنگامی فیصلہ پرمٹس کی معیاد ختم ہونے سے محض چند گھنٹے قبل سامنے آیا۔ ہیٹی کے شہریوں کے ورک پرمٹ اب 24 جولائی تک کارآمد رہیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی سپریم کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں ٹرمپ انتظامیہ کو ہیٹی اور شام کے شہریوں کا عارضی تحفظ کا درجہ ختم کرنے کی اجازت دی تھی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کینیڈا ، صحت بحران : پاکستانی سمیت غیر ملکی ڈاکٹروں کیلئے فاسٹ ٹریک ورک پرمٹ کا اعلان
تاہم مزدور تنظیموں کی جانب سے مسلسل دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ پرمٹس کی اچانک منسوخی سے امریکی صنعتوں میں افرادی قوت کا بحران اور کام کی جگہوں پر افراتفری پیدا ہو سکتی ہے۔ اس معاشی دباؤ کے پیشِ نظر حکومت کو یہ فیصلہ کرنا پڑا۔

یہ درجہ امریکہ میں پہلے سے موجود ان غیر ملکیوں کو عارضی طور پر رہنے اور قانونی کام کرنے کی اجازت دیتا ہے جن کے آبائی ممالک جنگ، قدرتی آفات یا دیگر غیر معمولی حالات کی وجہ سے محفوظ نہ رہے ہوں۔

صدر ٹرمپ نے 2024ء کی انتخابی مہم غیر قانونی امیگریشن روکنے کے نعرے پر لڑی تھی لیکن ان کی انتظامیہ پر قانونی امیگریشن کو بھی مشکل بنانے کا الزام ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کویت جانے کے خواہشمند غیرملکی ورکرز کیلئے لیبر نظام میں نئی تبدیلی متعارف
انسانی حقوق کی تنظیمیں حکومت کی سخت گیر امیگریشن پالیسیوں اور ملک بدری کی مہم پر شدید تنقید کر رہی ہیں، اور اسے بنیادی انسانی حقوق اور قانونی طریقہ کار کی خلاف ورزی قرار دے رہی ہیں۔