کوٹلی(کشمیر ڈیجیٹل)وزیر خوراک آزاد جموں و کشمیر جاوید اقبال بڈھانوی اور وزیر ہائیر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال نے پاکستان پیپلز پارٹی حلقہ نکیال کے سینئر رہنماؤں اور کارکنان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پریس کلب کوٹلی میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
انہوں نے نکیال واقعہ میں جاں بحق ہونے والے ملک عاشق اور زخمی افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں پیش آنیوالے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:نکیال واقعہ :جاوید بڈھانوی سمیت 9 افراد کیخلاف مقدمہ درج،تین گرفتار
پیپلزپارٹی رہنماؤں نے سانحہ نکیال کو ایک گہری سازش قرار دیتے ہوئے واقعے کی جوڈیشل انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر امیدوار اسمبلی حلقہ نکیال حاجی جاوید اقبال بڈھانوی نے مرحوم ملک عاشق کی وفات پر دو روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے اپنی تمام سیاسی اور سماجی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ مخالفین اپنی متوقع شکست کو دیکھتے ہوئے ایسے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں اور بے گناہ و غیر متعلقہ افراد کے خلاف مقدمات درج کرا کر اپنی سیاسی ناکامی کا اعتراف کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حلقے کی اکثریت آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑی ہے اور ایسے اقدامات عوامی حمایت کو متاثر نہیں کر سکتے۔
وزیر ہائیر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا : سونے کی تلاش کے ٹھیکوں میں اربوں روپے کا کرپشن اسکینڈل بے نقاب
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض عناصر پرامن انتخابی ماحول کو خراب کر کے سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، تاہم ایسے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نکیال کی ملک برادری پیپلز پارٹی کے لیے قابل احترام ہے اور پارٹی ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران رہنماؤں نے ضلع کوٹلی کے ایس ایس پی عدیل احمد لنگڑیال پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اس مقدمے کی غیر جانبدارانہ، جامع اور میرٹ پر مبنی تحقیقات کو یقینی بنائیں گے۔
آخر میں پیپلز پارٹی کی قیادت نے حلقے کے عوام اور پارٹی کارکنان سے اپیل کی کہ وہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، امن و امان برقرار رکھیں اور باہمی بھائی چارے کی فضا کو ہر صورت قائم رکھیں۔



