جامعہ کشمیر کے طلبہ پرلاٹھی چارج، تشدد، ڈپٹی کمشنر نےا نکوائری کمیٹی تشکیل دیدی

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) ڈپٹی کمشنر مظفرآباد نے یونیورسٹی آف آزاد کشمیرمیں گزشتہ ہفتے پیش آنے والے پرتشدد واقعات کی تحقیقات کیلئے 5رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ۔

تفصیلات کے مطابق انکوائری کمیٹی یونیورسٹی طلباء پر لاٹھی چارج اور تشدد کے واقعے کی تحقیقات کرے گی، جو یونیورسٹی کے سٹی کیمپس میں فیس کے معاملے پر احتجاج کر رہے تھے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سید عمران عباس نقوی کی سربراہی میں اعلیٰ حکام پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ٹیم میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مظفرآباد سید رضا حسن گیلانی، میونسپل مجسٹریٹ مظفرآباد سردار عمران، سیکرٹری جنرل سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد چودھری توفیق احمد اور پی ڈی ایس پی مظفرآباد بشیر خان شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی متاثرہ طلباء، جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہدین، یونیورسٹی حکام، انتظامیہ اور پولیس افسران سے معلومات حاصل کر کے 10 دن کے اندر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

تحقیقات کے بعد انکوائری کمیٹی واقعات کے ذمہ داروں کا تعین کرنے اور ان کے خلاف تادیبی اور قانونی کارروائی کے حوالے سے اپنی سفارشات بھی پیش کرنے کی پابند ہوگی۔

اس کے علاوہ کمیٹی مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام اور تدارک کے لیے اپنی سفارشات بھی پیش کرے گی۔

دوران مذاکرات طلباء نے ڈیمانڈ کی تھی کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کیلئے غیر جانبدار کمیٹی تشکیل دے جائے جو طلباء کیساتھ ناروا سلوک کرنے والے ذمہ داروں کا تعین کرے۔

قبل ازیں یونیورسٹی آف آزاد کشمیر سٹی کیمپس نے 10 مارچ 2025 کو جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے ذریعے ڈپٹی ڈائریکٹر آف اسٹوڈنٹ افیئرز عدنان الطاف کو برطرف کرکے جنید احمد میر کو تعینات کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایکشن کمیٹی یونیورسٹی طلبہ کیساتھ کھڑی ہوگئی، حکومت کو دھمکی بھی دیدی

Scroll to Top