مظفرآباد: آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھکاریوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہےجس نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
مظفرآباد میں حالیہ دنوں میں بھکاریوں کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہےجہاں بازاروں، اسپتالوں اور مساجد کے باہر بھکاریوں کی قطاریں لگی ہوتی ہیں غرض کوئی جگہ ان سے خالی نہیں ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ فجر سے لے کر رات گئے تک ہر جگہ بھکاری نظر آتے ہیں جو راہگیروں کو زبردستی تنگ کرتے ہیں۔ بعض بھکاریوں کے رویے ہراساں کرنے والے بھی ہوتے ہیں جبکہ کم عمر بچے بھی اس پیشے میں ملوث دکھائی دیتے ہیں۔
عوامی حلقوں نے انتظامیہ کی بے حسی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے فوری کارروائی کریں تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا ازالہ ہو سکے۔