اسلام آبادس(کشمیر ڈیجیٹل)حلقہ بلوچ ایل اے24 سے امیدوار اسمبلی ملک باسط شریف اعوان نے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ۔
ذرائع کے مطابق اسلا م آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ملک باسط شریف اعوان نے اعلان کیا کہ وہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے آئندہ انتخابات میں حصہ لیں گے اور حلقہ بلوچ کے عوام کی خدمت، ترقی اور حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حقیقی عوامی نمائندگی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سیاسی میدان میں رہ کر مثبت کردار ادا کیا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈکپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان
اس موقع پر سابق امیدوار قانون ساز اسمبلی ذوالفقار علوی صاحب نے اپنے خاندان، ساتھیوں اور حامیوں سمیت ملک باسط شریف اعوان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ مختلف سیاسی، سماجی اور عوامی شخصیات نے بھی ان کے ساتھ بھرپور تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کروائی۔
ملک باسط شریف اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزاد کشمیر میں حالیہ عوامی مسائل اور احتجاجی صورتحال نے اس بات کو واضح کر دیا ہے کہ عوام کے مسائل کو سنجیدگی، تدبر اور دور اندیشی سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والی ایکشن کمیٹیوں نے عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ ریاستی اداروں کا استحکام، آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی امنگوں کا احترام بھی یکساں طور پر ضروری ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان، آزاد کشمیر کے عوام کی امیدوں کا مرکز ہے اور تمام معاملات کو تصادم کے بجائے مذاکرات، افہام و تفہیم اور ٹیبل ٹاک کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان اور آزاد کشمیر ہی ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی خود مختاری اور قومی مفاد کا ہر قیمت پر تحفظ کرینگے،کور کمانڈر کانفرنس
ملک باسط شریف اعوان نے کہا کہ حلقہ بلوچ کے عوام اپنی طاقت، شعور اور سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتخابات کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے ووٹ کی طاقت سے اپنے سیاسی استحصال، ناانصافیوں اور محرومیوں کا جواب دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ بلوچ کی خدمت کا اصل راستہ عوامی مینڈیٹ، جمہوری جدوجہد اور عوامی اعتماد سے ہو کر گزرتا ہے، اور وہ ان شاء اللہ عوام کے تعاون سے علاقے کی ترقی، خوشحالی اور حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
ہم تصادم نہیں، مذاکرات چاہتے ہیں؛ انتشار نہیں، استحکام چاہتے ہیں؛ اور ذاتی مفادات نہیں، بلکہ حلقہ بلوچ، آزاد کشمیر کے وسیع تر مفاد کو مقدم سمجھتے ہیں۔



